معروف محقق، ادیب اور مصنف مہر محمد بخش نول کی نئی کتاب ”تاریخ مخزنِ پاکستان“ کی 953صفحات اور 5 ہزا رسے زائد نادر اور نایاب تصاویر بھی شامل ہیں، پر مشتمل پہلی جلد چھپ کر مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ یہ تاریخی کتاب پاکستان کے بڑے اور مقبول اشاعتی ادارے قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل نے چیئرمین ادارہ ہذا علامہ عبدالستار عاصم اور محمد فاروق چوہان کی زیر نگرانی شائع کی ہے۔ مصنف کا تعلق قدیمی شہر جھنگ سے ہے لیکن اب وہ بہاولپور میں مقیم ہیں۔ تحقیق ان کا خاص شعبہ ہے۔
اس سے قبل وہ ایک تحقیقی کتاب ”تاریخ قبیلہ نول راجپوت“ لکھ کر ملک گیر شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ اس کتاب پر انہیں مختلف اعزازات اور میڈلز وغیرہ سے بھی نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:
عمران خان کا تازہ یو ٹرن انھیں کیا دے گا؟
راجہ ظہیر خان کی سوانح پر مسحور کن کتاب
ایک دلت ماہر معاشیات کی آپ بیتی، ہوش ربا واقعات اور تجربات
تاریخ مخزنِ پاکستان، پاکستان کے چپے چپے کی کہانی ہے۔ یہ پاکستان کے شہروں، دیہاتوں اور قلعوں عمارتوں اور اہم شخصیات کا انسائیکلو پیڈیا ہے۔ جسے نول صاحب نے دس سال سے زائد عرصہ پر محیط اسفار اور شب وروز کی محنت شاقہ سے مرتب کیا ہے۔ دو ہزار سے زائد شہروں اور قصبوں کا سفر کوئی آسان کام نہ تھا۔ لیکن مہر محمد بخش نول کے جذبے نے اسے ممکن بنایا۔ وہ ان شہروں، قصبوں اور گلی کوچوں میں بنفس نفیس خود پہنچے، لوگوں سے ملے، قریہ قریہ اور کوچہ کوچہ کی تاریخ اکٹھی کی، تصاویر بنائیں لوگوں کے انٹرویو کیے، ملاقاتیں کین اور قارئین کے سامنے ایک مستند تاریخ رکھ دی۔
تقریباً تین ہزار صفحات پر مشتمل اس نوعیت کی منفرد اور تاریخی کتاب کو تین جلدوں میں شائع کی گیا۔ میڈیا، اخبارات، تاریخ اور جغرافیہ کے طالب علموں اور پاکستان کے بارے معلومات حاصل کرنے والوں کے لیے یہ ایک ریفرنس بک کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس شاندار اور زبردست کتاب کو پاکستان کی ہر چھوٹی بڑی لائبریری میں ضرور ہونا چاہیے، بالخصوص ملک عزیز کے تمام کالجز اور یونیورسٹیوں کی لائبریاں اسے ضرور خرید کر اپنے طالب علموں کو اس سے استفادے کا موقع فراہم کریں۔
اس کتاب سے پہلے مصنف اپنی دیگر آٹھ کتابوں کو شائع کر کے یہ ثابت کر چکے کہ تخلیقی اور تحقیقی کام کے لیے عمر کوئی معنی نہیں رکھتی، بس جذبے کو شباب حاصل ہونا ضروری ہے۔ پیرانہ سالی پیروں کو متحرک ہونے سے روک نہیں سکتی اور وہ اسی طرح کے مخیر العقول شاہکار تخلیق کرتا رہتا ہے جیسا کہ ”تاریخ مخزن پاکستان“ کی صورت میں یہ شاہکار آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ اس کتاب کے حصول کے لیے آپ قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے پتا پر خط لکھیں، فون کریں یا ای میل سے رابطہ فرمائیں کتاب خوبصورت ٹائٹل مضبوط جلد عمدہ کتابت و طباعت کے ساتھ بہترین کاغذ پر شائع کی گئی، رابطے کے ذرائع درج ذیل ہیں۔
دفتر
پتا: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یژب کالونی، بینک سٹاپ والٹن روڈ لاہور کینٹ
فون نمبر :0300-0515101
ای میل : qalamfoundation2@gmail.com