ترکی کی نامور مصنفہ، ناول نگار، صحافی، سیاسی و سماجی کارکن خالدہ ادیب خانم المعروف خالدہ ادیب آدیوار 11 جون 1884 کو پیدا ہوئیں اور 9 جنوری 1964 کو وفات پاگئیں ۔
والد کا نام عثمان ادیب پاشا تھا جو عثمانی سلطان عبد الحمید کے وزیر خزانہ تھے۔ خالدہ خانم کے سلسلہ تعلیم کا آغاز 1889 میں ہوا اور ابتدائی تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد 1910 میں بی اے کا امتحان نہایت اعلیٰ نمبروں کے ساتھ پاس کیا دورانِ تعلیم آپ کی شادی آپ کے پروفیسر صحافی احمد صالح جو ریاضی دان اور ماہر فلکیات بھی تھے، سے ہو گئی۔جن سے ان کے دو بیٹے پیدا ہوئے۔ بعض نجی وجوہات کے باعث خلع لے لی اور پھر شاہی فوج کے ڈاکٹر خالد بے سے شادی کر لی لیکن کچھ عرصہ بعد ڈاکٹر خالد بے کا انتقال ہو گیا۔
کم عمری سے ہی خالدہ خانم نے اپنی تحریروں سے مقبولیت پانا شروع کی۔ اور محض سولہ سال کی عمر میں آپ نے ”ترکی پردے“ پر ایک نہایت عمدہ کتاب لکھی۔ بعد میں افسانہ نگاری بھی شروع کر دی۔ اور اپنے مخصوص اسلوبِ بیان کے باعث بہت جلد ترکی کی صفِ اول کی افسانہ نگاروں میں شمار ہونے لگیں۔ آپ کے افسانوی مجموعوں کی نہ صرف ترکی بلکہ یورپ میں بھی خوب پزیرائی ہوئی اور روسی، فرانسیسی، جرمن، انگریزی اور عربی زبانوں میں تراجم ہوئے۔
خالدہ خانم نے جب شاعری کی جانب توجہ کی توقلیل مدت میں اس شعبہ میں مہارت اور شہرت حاصل کر لی۔
خالدہ ادیب خانم ترکی کی ایک قوم پرست اور بے باک صحافی تھیں۔ ایک جدیدیت پسند کی حیثیت سے انہوں نے ترکی کی جنگ آزادی میں حصہ لیا اور ترک عوام کی تحریک آزادی اور عظیم قربانیوں کو اپنی کہانیوں اور ناولوں میں منظر عام پر لائیں۔ 1909 میں سلطنت عثمانیہ میں سلطان عبد الحمید خان کی حکومت تبدیل ہوئی تو نوجوانانِ ترکی اپنے ملک کو ترقی دینے کی کوششوں میں مصروف ہو گئے۔ خالدہ خانم کی کوششوں کی بدولت مدبرین ترکی مطالباتِ نسواں کے حامی ہو گئے۔ اس مقصد کے لیے خالدہ خانم نے ترکی کے اخبارات میں مضامین لکھے جن کا خاطر خواہ اثر سامنے آیا۔ ترکی کی دستور پسند جماعت کی حمایت میں انہوں نے یورپ اور امریکا کے اخبارات میں مضامین کا سلسلہ شروع کیا۔ امریکا کے اخبارات نے ان مضامین کو نہایت فخر کے ساتھ شائع کیا اور کہا کہ یہ ہمارے ہی کالج کی ایک معلمہ ہیں جو آج اپنے ملک میں رہنما کی حیثیت اختیار کر گئی
1935 میں خالدہ ادیب خانم نے ڈاکٹر ایم اے انصاری کی دعوت پر ہندوستان کا دورہ کیا۔ اور انھوں نے ”ہندوستان کے اندر‘‘ کے نام سے اپنی یادداشتیں لکھیں ۔