پچاس سال اسی مہینے ملک کے پہلے عام انتخابات ہوئے ۔ 7 دسمبر 1970 کو قومی اسمبلی کی نشستوں کے لئے پولنگ ہوئی ۔ مجموعی طور پر 300 نشستیں تھیں ۔ جن میں مشرقی پاکستان کی 162 میں سے عوامی لیگ نے اور مغربی پاکستان کی 138 میں سے 81 پاکستان پیپلز پارٹی نے جیتی تھیں ۔
میں اس زمانے میں آٹھویں کلاس میں تھا اور ملک میں ٹیلی ویژن نشریات تین سال قبل ہی شروع ہوئی تھیں، 7 دسمبر کی صبح سے پی ٹی وی نے اپنی پہلی الیکشن نشریات شروع کیں، جو اگلی شام تک جاری رہیں ۔ ہم لوگوں کو عام انتخابات کا زیادہ یاد نہیں، ہاں پی ٹی وی کی الیکشن 70 کی نشریات بہت اچھی طرح یاد ہیں ۔ اس دن گھر میں پائے پکائے گئے اور ہماری بڑی پھوپھی کو ان کی دونوں بیٹیوں کے ساتھ مدعو کیا گیا تھا ۔
الیکشن نشریات میں انتخابات کے ساتھ ساتھ ڈرامے اور فلمیں دکھائی جارہی تھیں اور لئیق احمد اور دیگر دانشوروں کی گفتگو کا سلسلہ بھی جاری تھا ۔ 7 دسمبر کو ہم نے دن بھر ٹی وی دیکھا ۔ لیکن رات کو نشریات دیکھنے میں بہت مزا آیا۔
سخت سردی تھی، ہم لوگ لحاف اور رضائیوں میں گھسے بیٹھے تھے ۔ اس وقت تک ہم پانچ بہن بھائی تھے، ہمارے والدین اور چار پانچ رشتے دار ۔ مونگ پھلیاں اور گزک کھا رہے تھے ۔ چائے کے دور چل رہے تھے ۔ میں تو جلد ہی سوگیا ۔
اگلے دن یعنی 8 دسمبر کو معلوم ہوا کہ قومی اسمبلی کی 300 نشستوں میں سے مشرقی پاکستان کی 162 میں سے شیخ مجیب الرحمن کی عوامی لیگ نے 160 اور مغربی پاکستان کی 138 میں سے 81 نشتستیں ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستان پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی ۔
ہم لوگ تو نا سمجھ بچے تھے، لیکن سمجھ دار سیاستدانوں اور حکمرانوں نے ملک کے دو ٹکڑے کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔