Warning: Undefined array key 1 in /home/d10hesot7wgn/public_html/wp-content/themes/jnews/class/ContentTag.php on line 86
مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے چیئرمین سید لخت حسنین 14 جولائی 1961ء کو وزیر آباد کے تاریخی قصبے سوہدرہ میں پیدا ہوئے ۔آپ کے جد امجد سید علاؤالدین بخاری کا مزار سری نگر کے نواح میں آج بھی مر جع خاص و عام ہے ۔آپ کے والد حضرت پیر سید بشیر حسین شاہ نے تحریک پاکستان میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ۔سید لخت حسنین جب ساتویں جماعت میں پڑھتے تھے تو والد گرامی کا وصال ہو گیا جس کے بعد آپ کی تربیت کی ذمہ داری بڑے بھائی سید محمد صفی المعروف چن پیرشاہ صاحب نے اٹھائی ۔آپ نے اپنی دینی و دنیاوی تعلیم کے مدارج دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف میں پیر جسٹس کرم شاہ الازہری کے زیر سایہ طے کئے ۔بعد ازاں آپ تبلیغ ِ دین کے لئے 1990 ء میں برطانیہ تشریف لے گئے ۔برطانوی مسلمانوں کے اصرار پر جسٹس پیر کرم شاہ الازہری نے آپ کو نوٹنگھم میں دینی ذمہ داریاں ادا کرنے کا حکم صادر کیا ۔ یہاں آپ کی نظر سے منو بھائی کا ایک کالم ”بھیا میرے آنسو پونچھو” گزرا جس میں ایک معذور شخص کے لئے ویل چیئر کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ یہ کالم اور ویل چیئر بعد ازاں 1993 ء میں برطانیہ کی سب سے بڑے مسلم خیراتی ادارے کی بنیاد بن گیا ۔
آج الحمد اللہ مسلم ہینڈز کے منصوبے دنیا کے 50 ممالک میں جاری ہیں جن میں سے 30 ممالک ایسے ہیں جہاں مسلم ہینڈز کے اپنے دفاتر موجود ہیں ۔ ایمرجنسی ریلیف سے لے کر پسماندہ ممالک میں پینے کے صاف پانی اور لوگوں کو روزگار کی فراہمی بھی مسلم ہیڈز کے منصوبوں کا حصہ ہے ۔2004 ء کا سونامی ہو یا پاکستان میں 2005ء کا تباہ کن زلزلہ ،2010 ء کا سیلاب ہو ،وطن عزیز میں کوئی بھی قدرتی آفت ہو یا دہشت گردی سے بے گھر ہونے والے افراد ،مسلم ہینڈز نے ضرورت کی ہر گھڑی میں قومی اداروں کے شانہ بشانہ کام کیا ہے ۔ الحمد اللہ آج پاکستان میں مسلم ہینڈز کے سکولوں میں 40،000طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں جن میں سے 80 فیصد کا تعلق یتیم یا ضرورت مند خاندانوں سے ہے ۔ پاکستان بھر میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ 16 سکول آف ایکسیلنس کام کر رہے ہیں جن کا معیار پاکستان کے کسی بھی بڑے پرائیویٹ سکول سے کم نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ ڈسپنسریاں ، لیبارٹریاں ، بلڈ بنک ، فارمیسی ، معذوروں کی بحالی کے مراکز ،دستکاری سکول ،ٹیکنیل اور ووکیشنل سینٹرز بھی کام کر رہے ہیں ۔ مسلم ہینڈز پاکستان میں کام کرنے والی سب سے بڑی انٹرنیشنل این جی او ہے جس کے 1800 ملازمین ملک بھر میں مختلف رفاعی سرگرمیوں میں شبانہ روز شریک ہیں ۔مسلم ہینڈز اگرچہ دنیا بھر میں افلاس و آفت زدہ انسانوں کی خدمت کر رہی ہے تاہم پاکستان اس کی سرگرمیوں کا سب سے بڑا مرکز ہے ۔کیونکہ مسلم ہینڈز کے چیئرمین سید لخت حسنین کا خواب ہے کہ اپنی مٹی کا قرض جتنا ادا کیا جائے کم ہے ۔