تحریر و تحقیق : محمد عاطف شیخ
پستہ قد، دبلے پتلے،کم وزن اور سست بچے۔ یہ ہے تصویر ہمارے مستقبل کی۔ بات ذرا تلخ ہے لیکن ہے حقیقت۔ کیونکہ ہم جو کچھ اپنے بچوں کو کھلا رہے ہیں اس سے ان کے پیٹ توشاید بھر رہے ہوں لیکن ان کے جسم اچھی غذائیت کے بھوکے ہیں۔اس بھوک کو ماہرین مخفی بھوک (Hidden Hunger) کا نام دیتے ہیں۔ یعنی خوراک میں غذائی اجزاءکا عدم توازن جو ناصرف بچوں کی جسمانی و دماغی صحت اور نشوونما کو متاثر کرتا ہے بلکہ خواتین خصوصاً حاملہ اور دودھ پلانے والی ماﺅں کی غذائی (Nutritional)ضروریات کو بھی پورا نہیں کرتا۔ نتیجتاً ہماری بنیاد (بچے )اور اُن کی معمار (مائیں) دونوں کی اکثریت کمزور صحت کا شکار ہے۔یہ صورتحال آنے والے ایام میں مزید تشویشناک رخ اختیار کرسکتی ہے۔ کیونکہ کورونا وائرس کے ضمنی اثرات ملک میں پہلے سے موجود ناقص غذائیت کی کیفیت کو دوچند کردیں گے۔ آمدن میں کمی، روزگار سے محرومی اور اشیاء ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ملک کی اکثریت کو اپنے شکنجے میں جکڑنا شروع کردیا ہے۔ اس لیے غذائیت کے اعتبار سے موزوں خوراک کا استعمال جو پہلے ہی ملک کی کثیر آبادی کے لیے ممکن نا تھا۔ اب یہ حلقہ وسیع تر اور اس کا دائرہ اثر گہرا ہونے کو ہے۔ یوں ہمارا مستقبل غذائیت کے ممکنہ بحران کی دہلیز پر کھڑا ہے۔
مخفی بھوک (Hidden Hunger) دراصل قلیل مغزی کمی (Micronutrient deficiency) کا دوسرا نام ہے۔ہمارے جسم کو اگرچہ ان مائیکرو نیوٹرینٹس کی تواتر کے ساتھ بہت تھوڑی مقدار کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن یہ غذائی اجزا دراصل ایک جادو کی چھڑی کا کام کرتے ہیں۔ یہ جسم کو اس قابل بناتے ہیں کہ وہ مختلف خامرے(enzymes) ، ہارمونز اور دیگرایسے اجزاءبنائے جو مناسب صحت اور نشوونما کے لئے ضروری ہیں۔حمل کے پہلے دن سے لے کر بچے کی دوسری سالگرہ تک کے تقریباً 1000 دن غذائیت اور جسمانی و دماغی نشوونما کے اعتبار سے انتہائی اہم ہیں۔ اگر ان ایک ہزار دنوں میں حاملہ اور بچے کو متوازن اور غذائیت بخش خوراک ملے تو بچوں کی نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی نشونما بھی بھر پور ہوتی ہے اور بچے بیماری کا بھی کم شکار ہوتے ہیں۔ ان ہزار دنوں میں مائیکرو نیوٹرینٹس کی کمی یا غیر موجودگی کے مضر اثرات دیر پا ہوتے ہیں۔ تحقیق سے یہ بات ثابت ہے کہ ان ہزار دنوں میں صحیح متوازن غذا سے ہم ہر سال دس لاکھ جانیں بچا سکتے ہیں اور بڑی حد تک بیماریوں سے بچوں کو بچایا سکتے ہیں۔ اسی طرح ہر پیدا ہونے والے بچے کا یہ حق ہے کہ جب وہ پیدا ہو تو وہ جسمانی اور ذہنی طور پر مکمل صحت مند ہو۔ اُسے پیدائش کے فوراً بعد سے دوسال تک ماں کا دودھ میسر ہو۔ حفاظتی ٹیکے بروقت لگوائے جائیں۔ کھیلنے اور سیکھنے کے مواقع مہیاکئے جائیں۔ معیاری اور مکمل تعلیم فراہم کی جائے۔ اُسے تحفظ دیا جائے۔ان تمام حقوق کی ادائیگی مشروط ہے زچہ اور بچہ کو متوازن خوراک کی فراہمی سے۔ کیونکہ غذائی قلت، قلیل مغزی یا مخفی بھوک بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما پر مبنی معیارِ زندگی کے حق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ان قلیل مغزی (Micronutrients) میں آیوڈین، حیاتین الف (Vitamin A)، فولاد (Iron)جست (Zinc) اور حیاتین د (Vitamin D) دنیا بھر میں عوامی صحت کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق آیوڈین کی کمی نئے پیدا ہونے والے بچوں کے دماغ کو نقصان پہنچاتی ہے۔ ذہنی صلاحیتوں کو کم کر دیتی ہے۔ اور گھینگا یعنی گلے کی غدود ( Thyroid)کے بڑھنے کا باعث بنتی ہے۔ اسی طرح فولاد کی کمی سے خون، سیکھنے اور جاننے کی صلاحیتوں میں کمی واقع ہوتی ہے ۔ یہ حمل اورزچگی کے دوران زچہ کی اموات کے خطرے میں اضافہ کا باعث بنتی ہے۔اس کے علاوہ قبل از وقت پیدائش یعنی پری میچور ڈلیوری کی وجہ بنتی ہے۔ انسانی جسم میں توانائی اور طاقت کی کمی کا باعث بنتی ہے جس کا نتیجہ سستی اور تھکاوٹ کی صورت میں بھی سامنے آتا ہے۔ جبکہ وٹامن اے کی کمی بینائی کو متاثر کرتی ہے۔یہ کمی اندھے پن کا باعث بنتی ہے ۔ کئی طرح کی شدید بیماریوں کا شکار ہونے کی وجہ بنتی ہے۔اور اسکول جانے کی عمر سے قبل کے بچوں میں عام طور پر دست، اسہال اور خسرہ جیسی بیماریوں کا باعث ہوتی ہے۔ حاملہ خواتین میں رات کا اندھا پن اور اموات کے خطرے میں اضافہ کر دیتی ہے۔ علاوہ ازیں زنک کی کمی کی وجہ سے انسانی جسم میں موجود مدافعتی نظام کمزور پڑ جاتا ہے۔ اس تشنگی کی وجہ سے عمر کے حساب سے قد نہیں بڑھتا ۔ اور تواتر کے ساتھ مختلف انفیکشنز کا شکار ہونا اس کا ایک نمایاں خراج ہے۔ اسی طرح وٹامن ڈی کی کمی کا تعلق بچوں اور با لغوں میں کئی طرح کی بیماریوں کے لاحق ہونے سے پایا گیا ہے۔ کیونکہ یہ ایک ایسا وٹامن ہے جو ہمارے جسم کے درست طورپر کام کرنے کے لئے جسم کے ہر خلیے کو درکار ہوتا ہے۔ غذا سے حاصل ہونے والے کیلشیم کو جذب کرنے کے لئے وٹامن ڈی کی سطح کا نارمل ہونا ضروری ہے۔ کیونکہ کیلشیم دانتوں اور ہڈیوں کو مظبوط بنانے کے لئے عین لازمی ہے۔ اور یہ نظام عصبی کے لئے بھی اہم ہے۔ جسم کے مدافعتی نظام کے درست طور پر کام کرنے کے لئے وٹامن ڈی کا مناسب مقدار میں ہونا اہم ہے۔ ایک نو زائیدہ بچے کے جسم میں وٹامن ڈی کی سطح ماں کے برابر ہوتی ہے۔ لہذا اگر دوران حمل ماں کے جسم میں وٹامن ڈی کم رہا ہو تو اس کا بچہ بھی وٹامن ڈی کی کمی لئے پیدا ہوگا۔وٹامن ڈی کی شدید کمی کا شکار بچوں کو سوکھے پن کی بیماری لاحق ہوسکتی ہے ۔ چونکہ ہڈیاں نارمل طریقے سے نہیں بن پاتیں بچے کا قد چھوٹا اور ٹانگیں مڑی ہو سکتی ہیں ۔ بعض دفعہ خون میں کیلشیم کی سطح بہت کم ہوتی ہے جس کے نتیجے میں بچے کو دورے پڑسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کی زیادہ کمی کی صورت میں بچوں اور بڑوں دونوں میں پٹھوں کی کمزوری اور دکھن واقع ہوسکتی ہے۔
مخفی بھوک (Hidden Hunger)یعنی مائیکرو نیوٹرینٹس کی کمی کے اثرات بچپن سے لڑکپن اور نوجوانی سے بڑھاپے تک انسان کو اپنی گرفت میں رکھتے ہیں۔ یہ پیدائش کے وقت بچوں کی کم وزنی کا باعث بنتی ہے۔ شیر خوار بچوں کی اموات میں اضافہ کا موجب ٹھرتی ہے۔ یہ چھوٹے بچوں کی دماغی نشوونما کو نقصان پہنچاتی ہے۔ بڑے بچوںکا قد ان کی عمر کے اعتبار سے نہیں بڑھتا اور ان کی دماغی صلاحیتوں میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔ تواتر سے انفیکشن کا شکاررہتے ہیں۔جلدی تھک جاتے ہیں۔ سیکھنے کی صلاحیتوں میں دشواری کا سامنا کرتے ہیں۔اور شرح اموات میں اضافہ کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ جبکہ نو بالغوں کے قد ان کی عمر کے حساب سے کم رہ جاتا ہے۔ دماغی صلاحیتوں میں کمی واقع ہوتی ہے۔ تھکاوٹ اور سستی کا شکار رہتے ہیں۔ کھیل کودمیں زیادہ حصہ نہیں لے پاتے۔ انفیکشنز میں مبتلا ہونے کے خطرے کا شکار رہتے ہیں۔ ناقص غذا ئیت کی وجہ سے ہمہ وقت بیماریوں میں گھرے رہنے والے بالغوں کی معاشی پیداواری صلاحیتیںمتا ثر ہوتی ہے جو ان کی کمزور معاشی اور سماجی حیثیت کا باعث بنتی ہے۔جبکہ حاملہ خواتین کی اموات کے خطرے میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔یا وہ مختلف پیچید گیوں کا شکار رہتی ہیں۔ بڑھاپے میں ہڈیوں کا بھر بھرا پن اور دماغی و جسمانی کمزوری ان مائیکرو نیوٹرینٹس کی کمی کا شاخسانہ ہے ۔ اس کے علاوہ بزرگی کے ایام میں قلیل مغزی کمی کی وجہ سے پہلے سے کمزور مدافعتی نظام کمزور تر ہو جاتا ہے جو شرح اموات میں اضافہ کا محرک بنتا ہے۔ غرض یہ مخفی بھوک انسانی صحت پر اپنے منفی اثرات ڈالنے کے ساتھ ساتھ سماجی و معاشی ترقی کو بھی متاثر کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ کمی ایف اے او کے مطابق دنیا کو ہر سال 1.4 سے2.1 ٹریلین ڈالر سالانہ معاشی پیداواری نقصان پہنچانے کا محرک بنتی ہے۔ کیونکہ یہ دنیا کی ایک تہائی سے زائد آبادی کو اپنی گرفت میں لئے ہوئے ہے۔
قلیل مغزی کمی (Micronutrient deficiency)کی وجہ سے پیدائش کے وقت بچے کم وزنی کا شکار ہوتے ہیں۔ کیونکہ اُن کی مائیں قبل از حمل خصوصاً دورانِ حمل ایسی خوراک کا استعمال نہیں کرتیں یا اُن کو ایسی خوراک نہیں دی جاتی جو اُن کی غذائی ضروریات کو پورا کرے۔ تاکہ اُن کے شکم میں پلنے والے وجود کی مکمل نشوو نما ہوسکے۔ لہذا خواتین جو پہلے ہی خون کی کمی کا شکار ہو تی ہیں۔ حمل کے دوران خون کی مزید کمی میں مبتلا ہو جاتی ہیں ۔اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کے اعدادوشماریہ بتاتے ہیں کہ پاکستان کی 51.3 فیصدحاملہ خواتین خون کی کمی کی گرفت میں ہیں اور یہ دنیا بھر میں 23 ویں سب سے زیادہ شرح ہے۔ جس سے زچہ و بچہ دونوں کی صحت متاثر ہوتی ہے اور پیدا ہونے والے بچے کم وزن ، کمزور اورمختلف بیماریوں کے حصار میں آجاتے ہیں ۔اس کے علاوہ ایسی ماﺅں کے ہاں اکثر پری میچور پیدائش (وقت سے پہلے) کے زیادہ کیسز ہونے کا امکان ہوتا ہے جو کہ نوزائیدہ بچوں کی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ پاکستان کے تناظر میں اس صورتحال کی سنگینی کا اندازہ پاکستان ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے2017-18کے ان اعداوشمار سے لگایا جا سکتا ہے جن کے مطابق ملک میں پیدا ہونے والے 22 فیصد بچوں کا وزن پیدائش کے وقت اڑھائی کلو گرام سے کم ہوتا ہے۔ یعنی وہ کم وزنی کا شکار ہوتے ہیں۔ اسی طرح عالمی ادارہ اطفال کے مطابق پاکستان میں28 دن کی عمر سے کم کے نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات 42(Neonatal mortality rate ) فی ہزار ہے جو دنیا بھر کے ممالک میں سب سے زیادہ سنگین شرح ہے۔ایک تو پہلے ہی خون کی کمی اور اُس پر دورانِ حمل اور بعد از حمل متوازن غذائیت کی حامل خوراک کا فقدان ماﺅں کی اکثریت کا اس قابل ہی نہیں چھوڑتا کہ وہ بچے کو پیدائش کے فوراً بعد اور بعد ازاںچھ ماہ تک اُسے صرف اور صرف اپنا دودھ ہی پلا سکیں۔یونیسیف کی رپورٹ اسٹیٹ آف دی ورلڈ چلڈرنز 2019 اس حوالے سے ملکی صورتحال کو یوں واضح کرتی ہے کہ پاکستان میں بچے کی پیدائش کے ایک گھنٹے کے اندر اندر ماں کے دودھ پلانے کی شرح صرف 20 فیصد ہے جو دنیا بھر میں تیسری سب سے کم تر شرح ہے۔ اسی طرح چھ ماہ تک بچے کو صرف اور صرف ماں کے دودھ پلانے کی شرح 47 فیصدہے یوں پاکستان دنیا بھر میں 47 ویں نمبر پر ہے۔ اسی طرح دو سال کی عمر تک بچے کو ماں کا دودھ دینے کا تناسب 63 فیصد ہے۔ ماں کا دودھ نوزائیدہ بچوں کی صحت مند نشو نما کے لیے بہترین اور مکمل غذا ہے۔ اس میں وہ تمام غذائی اجزاءمناسب مقدار اور تناسب سے موجود ہوتے ہیں جو بچے کی جسمانی اور دماغی نشو و نما کے لئے درکار ہیں۔ ماں کا دودھ بچے کو مختلف بیماریوں اور الرجی سے محفوظ رکھتا ہے اور اس میں قوت مدافعت پیدا کرتا ہے۔یوں اس نعمت خداوندی سے محرومی بچوں کی جسمانی اور دماغی نشو و نما کو متاثرکرنے کے علاوان کی بیماریوں سے لڑنے کی طاقت کو کم کر دیتی ہے۔جس سے اموات کا خطرہ بڑ ھ جاتا ہے۔ اور سونے پہ سہاگہ بچوںکو ماں کے دودھ کے علاوہ دی جانے والی زیادہ ترخوارک مائیکرو نیوٹرینٹس سے مبرا ہوتی ہے۔جو صورتحال کو زیادہ سنگین بنا دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات 64(Infant mortality rate ) فی ہزار کے ساتھ پاکستان دنیا بھر میں11 ویں نمبر پر ہے۔ جبکہ ملک میں ہر سال 4 لاکھ 9 ہزار بچے پانچ سال کی عمر کو پہنچنے سے قبل ہی اس دارِفانی سے کوچ کر جاتے ہیں اور بچوں کی اموات کی یہ دنیا بھرمیں تیسری بڑی تعداد ہے۔ اگر ہم ملک میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات(Under-5 mortality rate ) کا جائزہ لیں تو یہ 69 فی ہزار ہے جو دنیا بھر میں23 ویں سب سے زیادہ شرح ہے۔اسی طرح پاکستان سکیلنگ اپ نیوٹریشن (سن) یہ کہتا ہے کہ پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ 77 ہزار بچے پانچ سال کی عمر کو پہنچنے سے پہلے ہی دنیا سے کوچ کر جاتے ہیں جس کی وجہ صرف اورصرف اُن میں یا اُن کی ماﺅں کی ناقص غذائیت ہوتی ہے۔ جبکہ ملک میں سالانہ بچوں کے دست، اسہال اور سانس کے انفیکشن کے90 ملین کیسز ہوتے ہیں جس کی بنیادی وجہ بچوں کو ماں کو دودھ پلانے کی کم شرح اور زنک کی کمی ہے۔
قلیل مغزی کمی (Micronutrient deficiency)کا شکار بچے نہ صرف جسمانی لحاظ سے پست رہ جاتے ہیں بلکہ ان کا دماغ جاننے اور سیکھنے کی مکمل صلاحیت حاصل نہیں کر پا تا۔ اس سے ان کے سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہیں خصو صاً اسکول میں سیکھنے میں دشواری کا سامنا کرتے ہیں۔ یوں دوسرے صحت مند بچوں کی نسبت ایسے بچے ترقی کے ہر میدان میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ کمزور مدافعتی نظام کے حامل ہوتے ہیں۔آسانی سے بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ جس سے ان میں مزید غذائی کمی واقع ہو جاتی ہے۔ اور جب یہ صورتحال شدید ہو تو موت کے امکان کے زیادہ شکار رہتے ہیں۔ یا جب یہ بڑے ہوتے ہیں تو کم کماتے ہیں اور سماجی میل ملاپ میں رکاوٹوں کا سامنا کرتے ہیں۔ نیشنل نیوٹریشن سروے 2018 کے تازہ ترین اعدادوشمار ملکی بچوں کی غذائی صحت کا جو منظر نامہ ہمارے سامنے پیش کر رہے ہیں وہ بہت تو جہ طلب ہے۔ کیونکہ اس وقت ہمارے 40.2 فیصد بچے جن کی عمر پانچ سال سے کم ہے اپنی عمر کے اعتبار سے پستہ قد(Stunting) ہیں۔اسی طرح 17.7 فیصد بچے جن کی عمر 5 سال سے کم ہے ان کا وزن اپنے قد کے حوالے سے کم (Wasting) ہے۔جبکہ اسی ایج گروپ کے حامل28.9 فیصد یعنی ایک تہائی بچے اپنی عمر کے حساب سے کم وزنی (Underweight) کا شکار ہیں۔
بچوں کی اس غذائی صحت(Nutritional Health) کی صورتحال کے پس منظرمیں موجود بہت سے محرکات میں سے ایک بنیادی محرک ماﺅں اور بچوں کے استعمال میں آنے والی خوراک میں ما ئیکرو نیوٹرینٹس کا عدم توازن ہے۔ جس کی عکاسی 2018 میں ہونے والے قومی غذائیت سروے کے اعداوشمار یوںکر رہے ہیں۔کہ ملک کی15 سے49 سال کی عمر 41.7 فیصد خواتین خون کی کمی کا شکار ہیں۔ جبکہ 79.7 فیصد زیادہ اور درمیانہ درجہ کی وٹامن ڈی کی کمی میں مبتلا ہیں۔وٹامن اے کی کمی کے شکنجے میں جکڑی ہوئی خواتین کا تناسب 27.3 فیصد ہے۔ 18.2 فیصد فولاد کی کمی کا شکار ہیں۔ اسی طرح22.1 فیصد خواتین زنک کی کمی اور 26.5 فیصد کیلشیم کی کمی کے زیر اثر ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں میں ما ئیکرو نیوٹرینٹس کی کمی کے حوالے سے اعدادو شمار بھی کسی لمحہ فکریہ سے کم نہیں۔ سروے کے مطابق پاکستان کے پانچ سال سے کم عمر کے 53.7 فیصد بچے خون کی کمی کے شکنجہ جکڑے ہوئے ہیں۔فولاد(آئرن) کی کمی کے حوالے سے سروے جو حقائق بتاتا ہے اُس کے مطابق ملک کے28.6 فیصد بچوں میں اس کی کمی ہے۔ وٹامن اے کی زیادہ اور درمیانے درجہ کی کمی کے حامل بچوں کا تناسب ملکی سطح پر 51.5 فیصد ہے۔اس کے علاوہ ملک کے پانچ سال سے کم عمر بچوں کا18.6 فیصد زنک کی کمی کے حصار میں ہے۔ وٹامن ڈی کی زیادہ اور درمیانے درجہ کی کمی بھی پریشان کن صورتحال لئے ہوئے ہے۔ قومی غذائیت سروے کے مطابق ملک کے 62.7 فیصد بچے اس کمی کے زیر اثر ہیں۔
کم غذائیت والی خوراک، غربت ،خوراک کی تیاری اوراس کو محفوظ کرنے کے غیر موزوں طریقے ، کھانے کی اطوار،انسانی بیماریاں، جسم کا وٹامنز (حیاتین) اور منرلز (نمکیات)کو جذب کرنے کی کم صلاحیت ، زند گی کے مخصوص مراحل جیسا کے خواتین کو دورانِ حمل اور دودھ پلانے کے ایام میں اور شیر خوار بچوں کومائیکرو نیوٹرینٹس کی زیادہ ضرورت۔ یہ وہ محرکات ہیں جومخفی بھوک کا باعث بنتے ہیں۔ ہماری روزمرہ کی بنیادی خوراک جو کہ مکئی، گندم یا چاول پر مبنی ہے۔لوگوں کو توانائی تو فراہم کرتی ہیں۔ لیکن ضروری وٹامنز اور منرلز کی انسانی جسم کو درکار مقدار کے مقابلے میں کم مقداردے پاتی ہیں۔جس کی وجہ سے لوگ مخفی بھوک کا شکار ہوتے ہیں۔لوگ کیا کھاتے ہیں اس پربہت سے عوامل اثر انداز ہوتے ہیں۔مثلاً غربت ،قیمتیں،والدین کا دباﺅ، کلچر کی ترجیحات، زمینی ، ماحولیاتی اور موسمی عوامل وغیرہ۔ یہ سب وجوہات یا ان میں سے چندایک لوگوں کے کھانے کی ترجیحات کا تعین کرتی ہیں۔
مخفی بھوک کا شکار یہ سمجھ ہی نہیں پاتے کہ متوازن اور غذائیت سے بھر پور خوراک کی کیا اہمیت ہے۔ کیونکہ ان میں اکثر معاشی طور پر اس قابل ہی نہیں ہوتے کہ غذائیت کی حامل خوارک ان کی دسترس میں ہو۔ خاص کر جانوروں سے حاصل خوراک( گوشت، انڈے ، مچھلی اور ڈیری) پھل اورسبزیاں وغیرہ ۔ اس کے علاوہ جب خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہو جائے تو صارفین کی اکثریت بنیادی خوراک کا استعمال شروع کر دیتی ہے۔اور وہ ایسی خوراک کا استعمال کم کر دیتے ہیں جو غذائیت کی حامل ہو۔پاکستان کے تناظر میں اعدادوشمار یہ تباتے ہیں کہ ملک کے68 فیصد گھرانے اتنی معاشی سکت ہی نہیں رکھتے کہ وہ غذائیت کے اعتبار سے موزوں خوراک کھا سکیں۔ اور پانچ فیصد گھرانے تو انسانی جسم کو درکار توانائی کی کم سے کم مقدار کے حامل کھانے کی بھی دسترس نہیں رکھتے۔ نومبر2017 میں عالمی ادارہ خوراک کی جاری شدہ رپورٹ ” فِل دی نیوٹرینٹ گیپ پاکستان “ کے یہ اعداد وشمار یقینا تشویشناک حالات کی عکاسی کر رہے ہیں۔لیکن صوبائی سطح پر تو یہ صورتحال مزید دوچند ہے۔ رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے تو 80 فیصد گھرانے ہی متوزن غذائیت کی حامل خوراک کی خریداری کی طاقت نہیں رکھتے۔ سندھ اور خیبر پختونخواہ کے 67 فیصد فی کس ، پنجاب کے 60 اور اسلام آباد کے32 فیصد گھرانوں کی پہنچ سے غذائیت بھری خوراک باہر ہے۔رپورٹ یہ بھی بتاتی ہے کہ ہمارے صرف 3 فیصدایک سال تک کی عمر کے بچے (Infants)اور بڑے بچے (Young Children) موزوں اور غذائی تنوع (Diverse Diet ) کی حامل خوراک لیتے ہیں۔
جن معاشروںمیں مخفی بھوک اپنے قدم جمالیتی ہے۔ وہاں یہ لوگوں کو معاشرے کو کار آمد شہری بننے نہیں دیتی۔ یہ ممالک کو ناقص غذائیت (Malnutrition) کمزور صحت اورپیداوار کی کمی میں جکڑ لیتی ہے جس سے غربت میں اضافہ اور معاشی ترقی کی رفتار سست پڑ جاتی ہے۔ اور افراد اپنی معاشی صلاحیتوں کا ادراک ہی نہیں کر پاتے۔ پاکستان کو بھی کچھ ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے۔ سکیلنگ اَپ نیوٹریشن (سن)، وزارتِ منصوبہ بندی و اصلاحات حکومتِ پاکستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کی ایک مشترکہ رپورٹ کے مطابق ملک کو ناقص غذائیت کے باعث ہر سال 7.6 ارب ڈالر یعنی ملک کی 3 فیصد جی ڈی پی کے برابر نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ یہ نقصان پیداوار میں کمی، صحت پر آنے والے اخراجات اور کام کرنے والوں کی کمی کی صورت میں سامنے آرہا ہے۔یوں اس تمام ترصورتحال کے ساتھ پاکستان گلوبل ہیڈن ہنگر انڈیکس میں 63 ویں نمبر پر ہے( یہ انڈکس امریکہ کی پبلک لائبریری آف سائنس کے سائنٹیفک ریسرچ جرنل میں چھپنے والے تحقیقی مقالہ ” دی گلوبل ہیڈن ہنگر انڈیسیز اینڈ میپس: عین ایڈوکیسی ٹول فار ایکشن“ میں دنیا کے 149 ممالک کے اعدادوشمار کی مدد سے تیار کیا گیا ہے) ۔
ناقص غذائیت کثیر الجہت پہلوﺅں سے اثر انداز ہوتی ہے۔اور اسے کثیر الجہت پہلوﺅں کے ذریعے ہی روکا جا سکتا ہے۔ مثلاً حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو موزوں غذاءکی فراہمی، زندگی کے پہلے دو سال تک بچے کو ماں کا دودھ پلانے کا خصوصی اہتمام،بچپن میں متوازن اور متنوع خوراک کی فراہمی، حفاظتی ٹیکے ، صحت مندانہ ماحول (جس میں بنیادی صحت، صاف پانی، صفائی ستھرائی اور موزوں سینی ٹیشن کی سہولیات کی د ستیابی شامل ہے )اس کے ساتھ ساتھ کھیل کودکے مواقعوں کی فراہمی اور ان سب کے ہمرا ہ غذائیت کے بحران میں کمی کے لئے اہداف کا تعین وغیرہ۔یہ وہ مختلف جہتیں ہیں جس پر کام کر کے ناقص غذائیت کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ذکر ہوا غذائیت کے بحران پر قابو پانے کے اہداف کا توعالمی ادارہ صحت نے 2025 تک ماں اور بچہ کی غذائیت کے حوالے سے جن گلوبل ٹارگٹس کا تعین کیا ہے اُس کے مطابق عمر کے حساب سے پستہ قد بچوں کی تعداد میں 40 فیصد کمی کرنا۔ تولیدی عمر کی حامل خواتین میں خون کی کمی میں50 فیصد کمی۔ پیدائش کے وقت کم وزن بچوں میں30 فیصد کمی، زائد وزن بچوں کی شرح میں اضافہ نہ ہونے دینا، بچے کو شروع کے چھ ماہ تک صرف اور صرف ماں کا دودھ پلانے کی شرح کو50 فیصد تک لانا اور قد کے حوالے سے وزن میں کمی کا شکار بچوں کی شرح کو 5 فیصد سے کم کر کے برقرار رکھنا شامل ہیں۔ جبکہ اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے گولز کا ٹارگٹ نمبر2 جوبھوک کے خاتمہ سے متعلق ہے۔اور اس کا ٹارگٹ 2.2 ہر طرح کی ناقص غذائیت کے خاتمے اور2025 تک غذائیت کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ٹارگٹ کے حصول کے بارے میں ہے۔ پاکستان نے اس ٹارگٹ یعنی 2.2 کے لئے اپنے جو اہداف مقرر کئے ہیں۔ ان کے مطابق عمر کے حساب سے قد کی کمی کا شکار بچوں کی شرح کا 21.9 فیصد تک لاناجبکہ بچوں میں قد کے اعتبار سے وزن میں کمی کی شرح کو7.5 فیصد اور کم وزن بچوں کے تناسب کو کم کر کے10 فیصد تک لانا شامل ہے۔ غذائیت کا شعبہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں نمایاں اہمیت کاحامل ہے اور یہ ایس ڈی جیز کے تما م 17 اہداف سے بلواسطہ یا بلا واسطہ منسلک ہے۔ کیونکہ کہیں غذائیت میں بہتری پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو باعث بنتی ہے تو کہیں پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول غذائیت میں بہتری کا پیش خیمہ بن رہے ہیں۔یعنی یہ دونوں باہم منحصرہیں۔
دنیا بھر خصوصاً ترقی پذیر ممالک روایتی خوراک سے پراسس فوڈ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ جو توانائی سے بھرپور اور قلیل مغزی(مائیکرو نیوٹرینٹس) سے عاری خوراک اور ڈرنکس ہیں۔یہ غذائی ارتقاء(Nutrition Transition) بہت سے ممالک پرناقص غذائیت کے تہرے بوجھ کا باعث بن رہا ہے۔ یعنی غذائی کمی، قلیل مغزی کی کمی اور موٹاپا۔ اس صورتحال کی شدت کو کم کرنے کے لئے ماہرین اُیسے طریقوں پر کام کر رہے ہیں ۔ جن سے مخفی بھوک کے بحران پر قابو پایا جا سکے ۔ اس حوالے سے چار بنیادی طریقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اول متنوع خوراک(Diversifying Diets) ۔متنوع خوراک کی اہمیت کو موثر طریقوں سے اجاگر کرنے کے لئے خوراک پر بنیاد کرنے والی حکمت عملیوں (جیسا کہ گھریلو کاشت کاری، شیر خوار اور بڑے بچوں کو بہتر طریقے سے خوراک کھلانے اور خوراک کی تیاری اور اسے محفوظ کرنا تا کہ غذائیت کو قائم رکھا جاسکے) کے بارے میں لوگوں کو شعور دینا۔ دوم، تجارتی خوراک میں غذائی اجزاءکی شمولیت (Fortifing Commercial Foods) ۔ بنیادی خوراک کی پروسیسنگ کے دوران اس میں قلیل مغزی اجزاءکو شامل کرنا۔ جس سے صارف کو تجویز شدہ مائیکرو نیوٹرینٹس کی مقدار حاصل ہوتی ہے۔فورٹیفیکشن کی کئی مثالیں ہیں جن میں آیوڈین ملا نمک۔ فولاد اور زنک ملا آٹا ، خوردنی تیل اور چینی میں وٹامن اے کی شمولیت وغیرہ ہے۔ سوم ،بائیو فورٹیفیکشن۔ یہ ایک نئی اختراع ہے جس میں روایتی فصلوں میں روایتی یا جینیاتی طور مائیکرو نیوٹرینٹس کا اضافہ کیا جاتا ہے۔چہارم ، سپلیمنٹ۔ اس کی واضح مثال ہمارے ہاں وٹامن اے کے قطرے ہیں جو بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کے علاوہ اضافی طور پربطور سپلیمنٹ دیئے جاتے ہیں۔تاکہ ان کی بینائی متاثر نہ ہو۔
غذائی کمی کی اگرچہ ایک بڑی وجہ غربت ہے لیکن اس کی بنیادی وجہ عام آدمی کی غذا اور غذائیت کے بارے میں لاعلمی بھی ہے۔ اکثر افراد کو یہ علم نہیں کہ صحیح اور متوازن غذا کیا ہوتی ہے ، کون کون سی غذا ہمیں کیا غذائی اجزاءمہیا کرتی ہے ۔غذائی کمی کو دور کرنے کے لیے کونسی اور کتنی خوراک لینی چاہیے اور کس طرح کی چیزوں سے ہمیں پرہیز کرنے چاہیے ۔اس لا علمی کے ساتھ ساتھ ہمارے معاشرے میں کچھ ایسی روایات رواج پا گئی ہیں جو اس غذائی کمی کی وبا ءکو پھیلنے میں مدد دے رہی ہیں۔ بچوںکو ماں کا دودھ نہ دینا اور ڈبے کے دودھ کے استعمال کا بڑھتا ہو ا فیشن۔ 6 ماہ کی عمر سے بچوں کو اضافی خوراک نہ دینا یا مناسب مقدار یا اجزاءکے مطابق نہ دینا۔ چپس ، سلانٹی، کولڈ ڈرنک ، انرجی ڈرنکس ،بیکری کی چیزیں برگر، شوارمہ اور پیزہ کا بڑھتا ہوا استعمال۔حاملہ کی مناسب خوراک کے بارے میں لاعلمی۔سرد اور گرم خوراک کا تصور۔بچوں کو بر وقت حفاظتی ٹیکے نہ لگوانا۔غرض ایک طویل فہرست ہے ہم انفرادیوں کی لاپرواہیوں کی۔ ڈاکٹر رمیزہ کلیم جو کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے شعبہ پریونٹیو پیڈزکی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ہیں اُن کے مطابق اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے کو غذا اور غذائیت کے بارے میں مفید معلومات فراہم کی جائیں اور ان میں اپنی صحت کا خود خیال رکھنے کا شعور بیدار کیا جائے ۔اس تناظر میں سب سے پہلا کام جو کرنے کا ہے وہ یہ ہے کہ ماں بچے کو دو سال تک اپنا دودھ پلائے۔ دو سال کی عمر تک ماں کا دودھ پلانے سے بچے کی نشونما بہتر ہوتی ہے اور وہ صحت مند اور مضبوط ہوتا ہے۔ ماں کا دودھ غذا، تحفظ اور صحت کی ابتدا ہے۔ اس میں وہ تمام اجزاءشامل ہیں جو بچوں کی نشوونما کے لیے ضروری ہیں۔ ماں کے دودھ کا کوئی ثانی نہیں۔ یہ اشرف المخلوقات کے لیے خد اکاخاص تحفہ ہے۔ یہ قدرت کا ہیلتھ پلان ہے جو انسان کو نہ صرف بچپن بلکہ لڑکپن، جوانی اوربڑھاپے کی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔ دودھ پلانے والی ماﺅں میں چھاتی کے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ڈاکٹر صاحبہ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ہمیں یہ شعور اور رہنمائی عام کرنے کی ضرورت ہے کہ پیدائش کے فوراً بعد سے ایک گھنٹے کے اندر اندر بچے کو ماں کا دودھ شروع کروا دیا جائے۔ پیدائش کے ابتدائی گھنٹے میں بچہ ذیادہ چست اور ہوشیار ہوتا ہے اور آسانی سے ماں کا دودھ لے سکتا ہے۔ بچے کے چوسنے کے عمل سے دودھ زیادہ بنتا ہے۔ ماں کا پہلا دودھ (کلوسٹرم) لحمیات، حیاتین اور مدافعتی اجزاءسے بھر پور ہوتا ہے۔ اسمیں وٹامن اے کی کافی مقدار موجود ہوتی ہے۔ یہ بچے کا پہلا حفاظتی ٹیکہ ہے جو بچے کو مختلف بیماریوں سے بچاتا ہے۔ اسے لازماً بچے کو دینا چاہئے ۔ماں کا دودھ شروع کروانے سے پہلے کسی قسم کی خوراک، گھٹی نہ دی جائے۔ اور چھ ماہ کی عمر تک بچوں کو صرف اور صرف ماں کا دودھ دیا جائے ۔ اسکے علاوہ کوئی بھی مائع یا ٹھوس چیز قطعاً نہ دی جائے حتی کہ پانی بھی نہیں۔ اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ پانی بچے کے لیے ضروری ہے خاص کر گرمیوں میں، مگر یہ بالکل ضروری نہیں کیونکہ ماں کے دودھ میں 87% پانی ہوتا ہے جو اسکی پانی کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔اکثر مائیں صرف اس تصورسے کہ ان کا دودھ بچے کے لیے کافی نہیں ہے اوپری دودھ دینا شروع کر دیتی ہیں اوپری دودھ (جانور یا ڈبے کا) بالکل نہ دیا جائے کیونکہ ماں کے دودھ کے ساتھ ساتھ اگر دوسرا دودھ شروع کروا دیا جائے تو بچہ الجھاﺅ کا شکار ہو جاتا ہے ۔ اور اوپری دودھ کے بعد بچہ ماں کا دودھ کم پیئے گا جس سے ماں کا دودھ اور کم ہوجائے گا۔ اوپری دودھ میں پانی کی ملاوٹ سے انفیکشن ہو سکتا ہے جس سے بچے کو دست اور غذائی کمی ہو جاتی ہے۔ دودھ پلانے والی ماں کی خوراک کے حوالے سے ڈاکٹر رمیزہ کلیم کا کہنا ہے۔ کہ ایسی ماﺅں کو زیادہ خوراک لینی چاہیے ۔خوراک بڑھانا دودھ پلانے کے لیے ضروری ہے اسکے علاوہ اضافی خوراک سے روز مرہ کے کام کاج میں آسانی رہتی ہے۔ اور ماں کی غذائی صورتحال درست رہتی ہے۔چھ ماہ کی عمر کے بعد بچوں کی خوراک کے بارے میں ڈاکٹرصاحبہ نے بتایاکہ جب بچہ چھ ماہ کی عمر کا ہو جائے تو اُسے ماں کے دودھ کے علاوہ اضافی غذا کی ضرورت ہوتی ہے۔ چھ ماہ کی عمر سے اضافی خوراک شروع کروانے سے بچہ غذائی کمی سے محفوظ رہتا ہے۔ بچے کو ایسی اضافی خوراک دی جائے جو بچے کو اُس کی ضرورت کے مطابق توانائی، غذائی اجزاءمثلاً لمحیات ، نشاستہ ،چکنائی، معدنیات اور حیاتین وغیرہ فراہم کرے۔ اور خوراک بچے کو بھوک اور طلب کے مطابق دی جائے اور کھانا دینے کے اوقات اور کھلانے کا طریقہ بچے کی عمر کے مطابق ہو۔اکثر مائیں اضافی خوراک شروع کرنے میں یا تو دیر کرتی ہیں یا کم خوراک دیتی ہیں۔ جسکے نتیجے میں بچہ غذائی کمی کا شکار ہو جاتا ہے۔بچوں کو کونسی اضافی غذائیں دی جا سکتی ہیں؟ اس سوال کا جواب ڈاکٹر رمیزہ کلیم نے کافی تفصیل سے دیا ۔ انھوں نے کہا کہ بچے کو روزانہ خوراک کے چار گروپ میں سے کچھ نہ کچھ ضرور کھلائیں۔ یہ گروپ نشاستہ والی خوراک(چاول ، گندم ، مکئی، آلو)، حیاتین اور معدنیات والی خوراک(گہرے سبز پتے والی سبزیاں، ٹماٹر ، گاجر ، مالٹے، آم ، پپیتااور دیگر پھل)، لمحیات والی خوراک(مچھلی، دال ، مٹر، دودھ ، دہی، پنیر ، گوشت، مرغی ، انڈہ) اور چکنائی والی خوراک(تیل، گھی، مکھن، چربی )پر مشتمل ہیں۔ صرف ایک گروپ سے اضافی خوراک نہ دی جائے۔ چھوٹے بچوں کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ ملی جلی اضافی خوراک کھائیں تاکہ خوراک کے عام اجزاءایک کھانے میں مہیا ہو جائیں۔جانوروں سے ملنے والی غذائیںمثلاً گوشت، اعضاءجیسے جگر، دودھ ، دہی پنیر انڈے لمحیات، معدنیات ، چکنائی سے بھری غذائیں ہیں۔ جانوروں سے ملنے والی غذائیں بچوں کے لیے اچھی ہوتی ہیں۔ جو انہیں مضبوط اور چست بناتی ہیں۔ جانوروں سے ملنے والی غذا بچوں کو روزانہ دینی چاہیے ۔اورجب بچہ اضافی خوراک کھانا شروع کرتا ہے تو اُسے نئی خوراک کے ذائقے اور ساخت کو سمجھنے میں وقت لگتا ہے۔ اس لئے شروع میں دن میں 2 سے 3 چھوٹے چمچ کھانے کے دیں اور باربار وہی ذائقہ متعارف کروائیں آہستہ آہستہ بچہ اس ذائقہ سے آشنا ہوجائے گا۔ اس دوران تحمل کا مظاہرہ کریں۔ بچہ کی حوصلہ افزائی کریں زبردستی نہ کریں۔ کھانے کے دوران بچے کے ساتھ بات کریں اور اسکی طرف متوجہ رہیں۔ اسطرح بچے آہستہ آہستہ کھانے کی مہارت حاصل کر لیں گے۔ اور زیادہ تنگ بھی نہیں کریں گے۔اکثر مائیں بچوں کی آسانی کے لیے بہت پتلی خوراک دیتی ہے یا بوتل کے ذریعے سے پتلی خوراک دیتی ہے۔ ایسا بالکل نہیں کرنا چاہیے۔ چھوٹے بچے کا معدہ بھی چھوٹا ہوتا ہے۔ آٹھ ماہ کے بچے کے معدے میں ایک وقت میں تقریباً ایک کپ (200 ملی لیٹر ) خوراک سما سکتی ہے۔ پتلی خوراک اور مشروبات اسے جلدی بھر دیتے ہیں لیکن غذائیت پوری نہیں دیتے۔ ایسی غذائیں جو بہت پتلی نہ ہو جو اتنی گاڑھی ہوں کہ چمچ کے اندر ٹھرسکیں بچے کو زیادہ توانائی دیتی ہیں۔ آٹھ ماہ کی عمر تک خوراک کو مسل کر کھلائیں۔ کُتری ہوئی خوراک 9 سے11 ماہ کی عمر میں دی جا سکتی ہے۔ ایک سال کے بعد چھوٹے چھوٹے ٹکرے دے سکتے ہیں۔ماں کو چاہیے کہ خوراک تیار کرنے اور کھلانے سے پہلے اپنے اور بچے کے ہاتھ صابن سے دھو لے۔ ڈاکٹر رمیزہ کلیم ہیڈ آف پریونٹیو پیڈز ڈیپارٹمنٹ ، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے مطابق 6 سے 8 ماہ کی عمر کے بچے کو ماں کے دودھ کے علاوہ روزانہ 2 سے 3 کھانے دینے چاہئے۔ اور مقدار دو سے تین چمچ سے شروع کریں اور آہستہ آہستہ بڑھاتے ہوئے تقریباً آدھا بھر ا ہوا پیالہ دیں۔ اسی طرح 9 سے 11ماہ کے بچوں کو3 سے 4 کھانے روازانہ دیں اور ماں کا دودھ دینا بھی جاری رکھیں۔اور خوراک کی مقدار آدھا بھرا ہوا پیالہ ہو۔ جبکہ 2 1 سے 23 ماہ تک کی عمر کے اطفال کو یومیہ ماں کے دودھ کے ساتھ ساتھ 3سے4 بارکھانے کو دیں۔ جس کی مقدار ہر بار تین چوتھائی بھرا ہوا پیالہ ہونی چاہئے۔ اور دو سال تک ماں اپنا دودھ بھی بچے کو پلاتی رہے۔ انھوں نے بتا یا کہ بچوں کو بیماری (بخار اور اسہال )کے دوران زیادہ کھانے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ بیماری کا مقابلہ کر سکیں۔ بیمار بچے کو بھوکا مت رکھیں۔ بلکہ صبر و تحمل سے متواتر تھوڑی تھوڑی مقدار میں خوراک دینے کی کوشش کرتے رہیں۔ ماں کا دودھ پلاتے رہیں بیمار بچے ماں کا دودھ زیادہ مانگتے ہیں ۔بیماری کے بعد بچے کو معمول سے ایک خوراک زائد دیں تاکہ وہ اپنی کھوئی ہوئی توانائی اور وزن دوبارہ حاصل کر سکے۔ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کرا یا جائے۔ یہ حفاظتی ٹیکے بچوں میں بیماریوں سے لڑنے کی قوت مدافعت پیدا کرتے ہیں اور انہیں غذائی کمی سے بچاتے ہیں کیونکہ بار بار بیمار ہونے سے بچے غذائی کمی کا شکار ہو جاتے ہیں۔غذائی کمی کا شکار بچوں کا علاج ممکن ہے ؟ اس بارے میں ڈاکٹر رمیزہ کلیم کا کہنا ہے کہ ایسے بچوں کا علاج بالکل ممکن ہے اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور کا شعبہ پریونٹیو پیڈز دودھ پلانے والی ماﺅںکی مشاورت کے ساتھ ساتھ تربیت لیکر غذائی کمی کا شکار بچوںکے علاج معالجے تک کی خدمات مہیا کر رہا ہے۔
انفرادی حماقتیں اپنی جگہ لیکن غذائی دہشت گردی پر قابو پانے میں عدم دلچسپی ( یعنی غیر معیاری خوراک کی پیداوار/ تیاری کی روک تھام میں ناکامی اور خوراک میں ملاوٹ کی جانچ پڑتال کی کمی)خوراک کی قیمتوں میں اضافہ روکنے میں کمزوری، لوگوں میں متوازن غذاءکے استعمال کے بارے میں شعور پیدا کرنے والی قومی مہموں کا فقدان، غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کے علاج معالجہ کی سہولیات کی تشنگی، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور غربت ،متعلقہ اداروں کی کو تاہیوں فہرست کو بھی طویل بنا دیتی ہے۔ لہذا کورونا کے باعث اآنے والے حالات جو کسی بڑے انسانی بحران کا باعث بن سکتے ہیں ان سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ انفرادی اور اجتماعی سطح کے ساتھ ساتھ متعلقہ ادارے بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اورہم سب اپنے حصہ کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کا ازسرِ نوعہد کرتے ہوئےان مشکل حالات میں حکومت کا دست بازو بنتے ہوئے بوجھ بانٹنےکی پالیسی اپنائیں۔ تاکہ ہمارے بچے صحت مندو توانا رہیں اور اپنی پوری جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کے ساتھ ملک کی ترقی کا پہیہ بنیں اورمضبوط ہاتھوں سے مستقبل میں اس کی بھاگ دوڑ سنبھالیں۔
٭….٭….٭
ADVERTISEMENT