سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں بجلی چوری روکنے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ توانائی کے وزیر عمر ایوب نے وقفہ سوالات کے دوران سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کے نقصانات پر قابو پائیں۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی نقصانات کم کرنے کے لئے ترسیل اور تقسیم کے بنیادی ڈھانچوں کی بحالی کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ عمر ایوب نے کہا کہ حکومت بجلی چوری کو روکنے کے لئے حکومت ایک نظام متعارف کرا رہی ہے۔
انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے ایوان کو بتایا کہ حکومت بچوں سے گھریلو مشقت کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت نے ملک میں بچوں سے زیادتی کے خاتمہ کا قانون متعارف کرایا ہے۔
پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر ساٹھ سال سے کم کرکے پچپن سال کرنے کے حوالے سے افواہوں کو دوٹو ک الفاظ میں مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر کم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ ایوان کا اجلاس پیر کی سہ پہر چار بجے تک کےلئے ملتوی کر دیا گیا۔
دوسری طرف حکومت کی طرف سے نئے چیئرمین کی تعیناتی کے بعد وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کردیے گئے۔ایف بی آر میں ان لینڈ ریونیو سروس گریڈ 19 سے 22 کے بارہ آفسران کو تبدیل کردیا گیا۔ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی ڈاکٹر حامد عتیق سرور کو تبدیل کرکے ممبر ایس پی آر اینڈ ایس اور چیف کمشنر آئی آر ریجنل ٹیکس آفس سیالکوٹ چوہدری محمد طارق کو ممبر آئی آر پالیسی تعینات کردیا گیا ہے۔