پلائو اور بریانی پورے ایشیا میں جانے کب سے مرغوب غذاؤں میں شامل ہیں، یہ بھی درست ہے کہ بریانی اور پلائو کے درمیان سرحدی جھڑپیں بھی جاری رہتی ہیں، کراچی والے بریانی کے عاشق ہیں تو لاہور والے پلائو کے دیوانے، پلائو میں نفاست اور دھیماپن ہے تو بریانی ٹہری تیز و طرار، شوخ و چنچل، حقیقت یہ ہے کہ لاہور میں چنچل بریانی ڈھونڈنا اتنا ہی مشکل ہے جتنا کراچی میں نفیس پلائو، خیر پلائو اور بریانی پر جنگ تو چلتی رہے گی۔ پلائو یا بریانی پورے ایشیا مقبول ہے، ازبکستان، قازقستان، افغانستان، ایران، ترکی، خطہ عرب، لبنان، ملائیشیا، برما، کہا تو یہ جاتا ہے کہ بریانی دراصل پلائو کی بگڑی ہوئی شکل ہے۔ یہ سوال اہم ہے کہ پلائو یا بریانی ہندوستان کب اور کیسے پہنچی، تیمور لنگ یا احمد شاہ ابدالی کے لشکر کیساتھ یا ممتاز محل کی ہدایت پر شاہی مطبخ میں بنائی گئی، اودھ، بھوپال یا پھر عرب تاجروں کیساتھ مالابار میں رائج ہوئی، چلیں اس بارے میں تفصیل کیساتھ جانتے ہیں ساتھ دی گئی ڈاکومنٹری میں،
سچ تو یہ ہے کہ گوشت اور خوشبو دار مسالوں کیساتھ دھیمی آنچ پر پکنے والے رسیلے چاولوں کی مہک دور سے سحر میں جکڑ لیتی ہے، گوشت کیساتھ ایک خاص تناسب کیساتھ لونگ، الائچی، زیرہ، دار چینی، جائفل جاوتری، تیز پتہ، دھنیا، پودینہ، ادرک۔ لہسن، پیاز اور دہی کیساتھ دھیمی آنچ پر پکنے والے رسیلے اور خوشبودار چاول، اوپر زردے کا رنگ کا چھینٹا، عرق گلاب اور کیوڑے کا چھڑکائو، ایسی لذیذ ڈش کہ ہاتھ نہ رکے۔
اس سے پہلے ہم نہاری کی تاریخ اور احوال آپ کے سامنے ڈاکومنٹری میں پیش کر چکے ہیں، کراچی کی دس بہترین نہاریاں بھی گنوائی، مگر بریانی کا معاملہ مختلف ہے۔ بریانی کے بیشمار بہترین ہوٹل ہیں اور ویسے بریانی کی رنگ و نسل یعنی ڈھیر ساری اقسام ہیں،،، سندھی، حیدرآبادی، گجراتی، دلی، مدراسی، ممبئِی، کلکتہ، مرادآبادی، میسوری، راجستھانی، برمی اور جانے کون کون سی بریانی،،، بریانی پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش میں تو مقبول ہے ہی،،، مگر اس کا راج تو پورے ایشیا میں ہے، خطے اور ثقافت کے اعتبار سے رنگ روپ بدلتا رہتا ہے۔
بریانی پر نت نئے تجربات بھی ہوتے رہتے ہیں، مٹکا بریانی، کیا آپ جانتے ہیں بریانی کی یہ قسم دلی میں پیر مٹکا شاہ کے برابر ہوٹل سے شروع ہوئی، نلی بریانی کراچی کے غوثیہ ہوٹل کا تحفہ ہے، پھر بامبو بریانی آندھرا پردیش سے نکل کر پورے بھارت میں مقبول ہوئی، ویسے مشرق بعید کے ممالک میں بامبو بریانی پہلے ہی رائج ہے،،، چلیں دیکھتے ہیں پلائو اور بریانی کے جلوے اور مہک: