پاکستان کب آزاد ہوا، ویسے تو اس سوال کا آسان سا جواب ہے، 14 اگست 1947، مگر کیا آپ کو پتہ ہے کہ یہ سچ نہیں،،، جی ہاں یہ سچ نہیں ہے کہ پاکستان 14 اگست کو آزاد ہوا۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان 15 اگست 1947 کو آزاد ہوا بالکل اسی طرح جیسے انڈیا آزاد ہوا، عین اسی دن، اسی وقت اور اسی لمحے پاکستان بھی آزاد ہوا۔ برطانیہ نے دونوں ممالک کو آزاد کرنے کا ایک ہی حکمنامہ جاری کیا جس کے تحت 14 سے 15 اگست کی شب ٹھیک 12 بجے رات دونوں ممالک دنیا کے نقشے پر آزاد ممالک کی حیثیت سے نمودار ہوئے۔
اگلی صبح 8 بجے قائد اعظم محمد علی جناح نے ریڈیو پاکستان پر اپنی بارعب آواز میں نشری تقریر میں کہا کہ آج 15 اگست ہے، یعنی آزادی کا پہلا دن، آج جمعۃ الوداع ہے یعنی رمضان المبارک کا آخری جمعہ۔ یہ ہم سب کے لیے نہایت خوشی کا دن ہے۔ قائد اعظم نے بھی اپنی زبان سے کہہ دیا کہ یوم آزادہ 15 اگست 1947ء کو ہے بالکل اسی طرح حکومت برطانیہ نے کو آزادی ایکٹ منظور کیا اور برطانوی پارلیمان نے جس کی منظوری دی، اس کے مطابق بھی 15 اگست 1947ء کو ہی دو آزاد ریاستیں وجود میں آئیں۔
اب اصل مسئلہ یہ ہے کہ پھر ہم کیوں یوم آزادی 14 اگست کو مناتے ہیں جبکہ آزادی تو 15 اگست کو ملی، بھارت آزادی کی سالگرہ 15 اگست مناتا ہے۔ یہ بحث ہر سال اسی موقعے پر سر اٹھاتی ہے، ہر بار بحث ہوتی ہے، دلائل پیش کیے جاتے ہیں، تاریخ کو تبدیل کرنے کے الزامات لگتے ہیں۔ یہ معمہ کیا ہے؟ کیا یہ تاریخ کو تبدیل کرنے کی کوئی سازش ہے؟
چلیے بحث سمیٹتے ہیں، تنازعے کو تاریخ کی روشنی میں پرکھنے کی کوشش کرتے ہیں، کھنگالتے ہیں پرانے ریکارڈ، جانچتے ہیں ثبوت و شواہد اور فیصلہ کرتے ہیں کہ حقیقت کیا ہے،،، دیکھتے ہیں ڈاکومنٹری، پاکستان کب آزاد ہوا، 14 یا 15 اگست؟