پاکستان کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ کے مرکزی صدر محمد خان جونیجو 18 اگست 1932ء کوسانگھڑ میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ صدر ایوب خان کے زمانے میں سیاست میں نمایاں ہوئے اور صوبائی وزارت پر فائز ہوئے۔ 1985ء میں وہ پاکستان کے وزیراعظم بنے، انہوں نے 8 سالہ مارشل لاء اور 20 سالہ ایمرجنسی کا خاتمہ کیا، ملک میں جمہوری پارلیمانی نظام بحال کیا، سلب شدہ بنیادی حقوق بحال کئے، مارشل لاء کے خاتمے کے لئے قومی اسمبلی سے آٹھویں ترمیم منظور کروائی اور پھر خود ہی اس کا پہلا شکار بنے۔ وہ سادگی اور شرافت کا پیکر تھے۔ 18 مارچ 1993ء کو امریکا کے شہر بالٹی مور کے ایک ہسپتال میں محمد خان جونیجو کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ وفات کے وقت ان کی عمر تقریباً 61 برس تھی۔ انہیں خون کے سرطان کا عارضہ لاحق تھا۔20 مارچ 1993ء کو محمد خان جونیجو کو ان کے آبائی گائوں سندھڑی میں سپردخاک کردیا گیا