موسیقار نوشاد علی کو دنیا سے رخصت ہوئے چودہ برس بیت گئے۔ بالی ووڈ کے عظیم موسیقار نوشاد علی کے مداح آج ان کی برسی منا رہے ہیں۔ ان کے گانوں کی موسیقی آج بھی کانوں میں رس گھول رہی ہے۔ موسیقار نوشار علی پچیس دسمبر انیس سو انیس کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز انیس سو سینتیس میں فلم پریم نگر کے گانوں کی دھنیں ترتیب دے کر دیا۔ جسے زیادہ پزیرائی نہ ملی لیکن انیس سو چوالیس میں بننے والی فلم رتن کی موسیقی نے تہلکہ مچا دیا۔
موسیقار نوشاد علی نے اپنے کیریئر میں جن کامیاب فلموں کی دھنیں ترتیب دیں ان میں رتن، انمول گھڑی، مغل اعظم، گنگا جمنا، دل لگی، دلاری، انداز، شاہ جہاں، بیجو باورا، آن، امر، داستان، مدرانڈیا جیسی تاریخ ساز فلم کے علاوہ کئی دیگر فلمیں بھی شامل ہیں۔
نوشاد علی نے دو ہزار پانچ میں فلم ساز اکبر خان کی فلم تاج محل کی موسیقی چھیاسی برس کی عمر میں ترتیب دے کر دنیا کے معمر ترین موسیقار بننے کا بھی اعزاز حاصل کیا تھا۔ جو ان کی بطور موسیقار نوشار علی کی آخری فلم تھی۔ اس فلم کی موسیقی ترتیب دینے پر بھارت کے وزیر اعظم من موہن سنگھ نے انھیں ایک توصیقی سرٹیفکیٹ بھی عطا کیا تھا۔
چھ دہائیوں پر مشتمل کیریئر میں نوشاد علی نے چھیاسٹھ فلموں کی دھنیں ترتیب دیں۔
نوشاد علی کی لازوال خدمات کے اعتراف میں انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ، سنگیت اکیڈمی ایوارڈ اور پدم بھوشن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
1937ء میں ایک نوجوان کی حیثیت سے روزگار کی تلاش میں ممبئی پہنچ کر سنگیت اور فلم کی دنیا میں گہرے نقوش مرتب کرنے والا برصغیر کا یہ روشن ستارہ پانچ مئی دو ہزار چھ کو چھیاسی سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اس دنیا کو خیر باد کہہ گیا۔