آج پاکستان کے مشہور غزل گائیک پرویز مہدی کی برسی ہے۔ پرویز مہدی کا اصل نام پرویز حسن تھا اور وہ 14 اگست 1947ءکو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد بشیر حسین راہی ریڈیو پاکستان کے مقبول گلوکار تھے۔ پرویز مہدی نے ابتدا میں جے اے فاروق سے موسیقی کی تربیت حاصل کی تاہم بعد میں ان کے والد نے موسیقی کی طرف ان کا شغف دیکھتے ہوئے انہیں مہدی حسن کی شاگردی میں دے دیا۔ پرویز مہدی نے اس شاگردی کا حق اس طرح ادا کیا کہ اپنے استاد کا نام اپنے نام کا جزو بنالیا۔ پرویز مہدی کی گائیکی پر ان کے استاد کا رنگ اس قدر نمایاں تھا کہ اکثر سننے والے ان کی آواز پر مہدی حسن کی آواز کا گمان کرتے تھے۔۔پرویز مہدی نے جہاں غزل کی گائیکی کو ایک نیا دلکش انداز دیا وہیں ان کے پنجابی گیتوں نے بھی سننے والوں سے داد قبولیت حاصل کی۔
حکومت پاکستان نے پرویز مہدی کو تمغہ امتیاز عطا کیا تھا۔بھارت کے مشہور گلوکار دلیر مہدی، پرویز مہدی کو اپنے استاد کا درجہ دیتے تھے۔29 اگست 2005ءکو پرویز مہدی لاہور میں وفات پاگئے۔وہ لاہور ہی میں آسودہ خاک ہیں۔