وطن عزیز کے مایہ ناز مصور اکرم دوست بلوچ کا برش قلم دنیا بھر کے موضوعات کو منقش کر کے دنیا کو اپنے فن سے حیران کر چکا ہے لیکن ان کے فن کا سب سے بڑا اور نمایاں پہلو بلوچستان کا لینڈ اسکیپ اور اس خطے کے چہرے اور ان چہروں پر لکھی کہانیاں ہیں جو اپنے دکھ سکھ اور زندگی کی کہانیاں بیان کرتی ہیں۔ اکرم دوست بلوچ کے فن کا کمال یہ ہے کہ وہ ان کہانیوں کو اس خوبی کے ساتھ بیان کرتے ہیں جیسی کہ وہ ہیں۔ اکرم دوست بلوچ کی زیر نظر تصور بھی ایسی ہی بے شمار کہانیاں اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔
اکرم دوست بلوچ کا اسکیچ اسٹروک بلوچستان کے کوہستانی چہروں اور صحرائی لینڈ اسکیپ ہی کی نمائندگی نہیں کرتے بلکہ گزشتہ کئی صدیوں کے دوران میں اس خطے پر جو واقعات رونما ہوتے رہے ہیں، ان کی پوری جھلک اس اسکیچ میں نمایاں ہے۔
اس تصویر میں احتیاط، خوف اور امید کے سارے رنگ موجود ہیں۔ اس تصویر کی ایک اور توجہ طلب بات اساسکیچ کی سادگی ، صفائی اور زندگی ہے اور یوں لگتا ے کہ جیسے یہ ایک نوشتہ دیوار ہے جسے سب دیکھ سکتے ہیں ۔
بلوچستان کی سرزمین سے اٹھنے والے ہمارے دوست اکرم دوست نے اپنے فن سے پوری دنیا کو ششدر کردیا ہے۔ ان کی پینٹنگز میں بلوچستان کالینڈ اسکیپ، خطے کا مزاج اور شخصیت سب کچھ جھلکتا ہے ۔تخلیق وہی ہے، ہر دور اور ہر ماحول میں اس کی معنویت برقرار رہے۔ اکرم دوست بلوچ کی کا فن تخلیق کی اس تعریف پر پورا اترتا ہے۔
ادارہ” آوازہ” وطن عزیز کے ممتاز مصور اکرم دوست بلوچ کی یہ پینٹنگ ان کے شکریے کے ساتھ یہاں پیش کررہا ہے