پاکستان کے نامور بیورو کریٹ اور بعد میں ایک نیک نام صوفی کی حیثیت سے شہرت پانے والے بزرگ قدرت اللہ شہاب کے صاحبزادے ڈاکٹر ثاقب شہاب کینیڈا میں کورونا کے مریضوں کے لیے رحمت کا فرشتہ بن کر ابھرے ہیں اور کینیڈا کے صوبے سسکاٹچیو وان میں ہیرو کی شکل اختیار کر گئے ہیں اور سوشل میڈیا پر کی تعریف کرنے والوں کی تعداد میں حیران کن اضافہ ہوچکا ہے۔
معروف بین الاقوامی نیوز ویب سائٹ گلوبل نیوز کے مطابق ڈاکٹر ثاقب شہاب صوبہ سسکاٹچیو وان میں کورونا کے مریضوں کے علاج اور انھیں سہولتیں فراہم کرنے کے تعلق سے ایک ہیرو کی حیثیت سے ابھر ے ہیں، ان کی ٹیم کو ثاقب اسکواڈ کا نام دیا جاتا ہے اور لوگ ان کے کپڑوں کو بھی ٹرینڈ کے طور پر اختیار کرر ہے ہیں اور گھر گھر میں ان کا نام احترام سے لیا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب ان کی خدمات کا دائرہ ملک دیگر صوبوں تک بھی وسیع ہو گیا ہے۔
صوبہ سسکاٹچیو وان کے وزیر اعلیٰ(پریمئر) اسکاٹ میو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران
انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ثاقب ہمارے ہیلتھ کیئر سسٹم کے ایک خوش نما چہرے کی حیثیت اختیار کر گئے ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک دن جب وبا کا خاتمہ ہو جائے گا، میں رحمت کے اس فرشتے سے مصافحے کا اعزاز حاصل کروں گا۔
ٹیوٹر پر بھی ڈاکٹر ثاقب شہاب کے پرستاروں کے ٹرینڈ بن رہے ہیں جن میں ڈاکٹر شہاب فین اکاؤنٹ سر فہرست ہے۔ ان کے ایک پرستار نے لکھا کہ ڈاکٹر شہاب اس وب سے لڑنے کے لیے آپ کی مستقل مزاجی اور بہترین حکمت عملی پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ ان کے قدر دانوں نے ان کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک لیبارٹری کے باہر ان کا مجسمہ بھی نصب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔