پشاور کرونا وائرس کے باعث ملک کا سب سے خطرناک شہر بن گیا، خیبرپختونخواہ کا دارالحکومت اموات کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر قرار، اب تک 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختوںخواہ کا دارالحکومت پشاور کرونا اموات کے لحاظ سے ملک کا سب سے خطرناک شہر بن گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب تک پشاور ملک کا واحد شہر ہے جہاں کرونا وائرس کے باعث کل اموات 100 سے تجاوز کر چکی ہیں۔
ملک کے اور کسی دوسرے شہر میں کرونا کے باعث اتنی بڑی تعداد میں اموات نہیں ہوئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ صرف ایک ہفتے کے دوران 53 افراد کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں 40 کے قریب خواتین بھی شامل ہیں۔
جبکہ پشاور میں کرونا کیسز کی تعداد دو ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ جبکہ صوبہ بھر میں دو سو کے قریب افراد کرونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
جبکہ دوسری جانب ملک میں کرونا وائرس کے باعث متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ 560 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کل کیسز کی تعداد 21 ہزار 501 ہو چکے ہیں۔ جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید اموات رپورٹ ہونے کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ملک بھر میں اب تک 5 ہزار 700 سے زائد افراد صحتیاب بھی ہو چکے۔ صوبہ پنجاب کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے جہاں 8 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے۔ جبکہ سندھ میں 7 ہزار سے زائد اور خیبرپختونخواہ میں 3 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ خیبرپختونخواہ اموات کے لحاظ سے ملک کا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں اسلام آباد کی انتظامیہ کی معاونت کی جائے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے منگل کو ہونے والے اجلاس میں اسلام آباد کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا کی وبا کے پیش نظر شہر میں امدادی کارروائیوں میں این آر ایس پی کے رضاکاروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ این سی او سی نے قرار دیا ہے کہ شہریوں میں اس تاثر کے پیدا ہونے کے پیش نظر کہ کورونا اتنا خطرناک نہیں جتنا تصور کیا جا رہا تھا لوگوں میں اس کے متعلق بھرپور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔