نبیﷺ ہمارا، نبیﷺ تمھارا ،نبیﷺ عرب کا، نبیﷺ عجم کا
جو نور بن کے حرا سے نکلا، تمام عالم میں جا کے چمکا
وہ جس نے انساں کو نور بخشا، رہن سہن کا شعور بخشا
وہ جس نے الفت کی چاشنی سے بجھے دلوں کو سرور بخشا
وہ جس نے پتھر بھی کھائے لیکن، نہ دشمنوں کو حقیر جانا
عزیز اپنے گنوائے لیکن، کرم کو خیرِ کثیر جانا
وہ جس کی ضیافت خدا نے خود کی، بُلا کے عرشِ بریں کے اوپر
وہ جس سے بہتر نہ کوئی انساں فلک نے دیکھا زمیں کے اوپر
وہ جس کا بخشا ہوا تمدن عروجِ تکریمِ انسانیت ہے
وہ جس کا قرآں، حدیث جس کی، تمام تعظیمِ انسانیت ہے
وہ جس کی الفت فلاحِ ابدی، وہ جس کا جادہ نجاتِ کامل
سسکتی انسانیت کی خاطر، نظام اس کا حیاتِ کامل
سنو اسامہ، حل ایک ہی ہے، تمام عالم کی مشکلوں کا
مدد محمدﷺ کے دیں سے لے کر، ملا دو رشتہ کَٹے دلوں کا