وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹریٹ گروپ میں پروموشن کے عمل میں تیزی کیلئے سیکرٹریٹ گروپ کیڈر کیلئے اضافی پوسٹوں کی منظوری دےدی ہے، رولز میں ترمیم سے سیکرٹریٹ گروپ میں پروموشنز کا عمل تیز ہو گا، اس اقدام سے وفاقی اور صوبائی افسر آل پاکستان سروس میں شامل ہوں گے جس سے کیڈر کے افسران کی ملازمت میں بہتری آئے گی۔ وزیراعظم میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹریٹ گروپ کیلئے اضافی پوسٹوں کی منظوری دی ہے جس سے گریڈ 21 کی 15، گریڈ 20 کی 29 اور گریڈ 19 کی 44 اضافی پوسٹیں دستیاب ہوں گی۔ سیکرٹریٹ گروپ میں 2015ءکے بعد پروموشنز کا عمل رکا ہوا ہے۔ رولز میں ترمیم سے سیکرٹریٹ گروپ کے افسران کی پروموشنز کا عمل تیز ہو گا۔ سول سروس آف پاکستان (کمپوزیشن اینڈ کیڈر) رولز 1954ءکے تحت 2014ءکی ترمیم کے بعد پی سی ایس/پی ایم ایس پاکستان کے آفیسرز پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) شامل ہوتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ مذکورہ رولز منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں پیش کئے جائیں۔ مذکورہ ترمیم کی منظوری سے پی سی ایس/پی ایم ایس کیڈرز کے افسران بھی پولیس سروس آف پاکستان اور آف مینجمنٹ گروپ کی طرح پی اے ایس میں شامل ہو سکیں گے۔ اس اقدام سے وفاقی اور صوبائی افسران کو آل پاکستان میں شمولیت کے ذریعے ملک کی خدمت کا موقع مل سکے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹیکنیکل کوالیفائیڈ اور تجربہ کار افراد کی اوپن مارکیٹ سے ضرورت کے مطابق وزارتوں/ڈویژنز میں گریڈ 19 اور گریڈ 20 میں تقرری کی بھی منظوری دی ہے۔ وفاقی سیکرٹریٹ میں یہ تقرریاں پی اے ایس کے حصہ میں کی جا سکیں گے۔ اس تجویز سے کسی بھی گروپ کی کیڈر کی تعداد متاثر نہیں ہو گی اور وفاقی حکومت میں پالیسی سازی کیلئے انتہائی ضروری ٹیکنیکل وسائل نجی شعبہ سے حاصل کئے جا سکیں گے۔