کورونا وبا کے سبب لاک ڈاون کے نتیجے میں بھارت میں پھنسے ہوئے مزید 176 پاکستانی اٹاری، واہگہ سرحد کے راستے کل بروز بدھ مورخہ 27 مئی 2020 کو وطن واپس پہنچیں گے۔ ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کے سلسلے میں حکومت پاکستان اور بھارتی حکومت کے درمیان تفصیلات طے کر لی گئی ہیں۔
یہ پاکستانی پاکستانی چند ماہ قبل اپنی ذاتی مصروفیات کے باعث بھارت گئے تھے لیکن کورونا کی وبا پھوٹ پڑنے کے باعث ان کی واپسی التوا کا شکار ہو گئی۔ یہ پاکستانی شہری بھارت کی مختلف ریاستوں جن میں چھتیس گڑھ، گجرات، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، پنجاب، راجستھان، اتر پردیش، اتر کھنڈ اور دہلی سمیت دیگر کئی ریاستیں شامل ہیں، مقیم تھے اور خطے میں لاک ڈاون اور کورونا وباءکے باعث اٹاری، واہگہ سرحدی راستہ بند ہونے کے باعث رکنے پر مجبور ہوئے تھے۔
ان پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کے لئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن گشتہ کافی عرصے سے روشنی میں ن بھارتی حکام اور پاکستان میں دفتر خارجہ اور دیگر حکام سے مسلسل رابطے میں رہا۔ دونوں ملکوں کے درمیان طویل بات چیت کے نتیجے میں ان پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں تفصیلات طے ہوئیں اور اشتراک عمل کے نتیجے میں بھارت میں پھنسے ہوئے پاکستانی مسافروں کی واپسی کے انتظامات ممکن ہو سکے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن نے لاک ڈاون کے دوران بھارت کے بیس سے زائد مختلف شہروں سے اٹاری تک ان پاکستانی شہریوں کو بہترین انداز سے لانے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے اور اس مقصد کے لیےانتہائی فعال کردار ادا کیا۔ 20 مارچ 2020 سے اب تک واہگہ اٹاری کے راستے بھارت سے 400 سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایاجاچکا ہے۔ بیرون ملک پھنسے ہوئے باقی ماندہ پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لئے وزارت خارجہ کی بھرپور کوششیں مسلسل جاری ہیں۔