آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کو ہرقیمت پر شکست دیں گے، اس مقصد کے لیے معاشرے کے تمام فریقین اور اداروں کو ملک و قوم درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہداء قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 238 ویں کورکمانڈرز کانفرنس کا جی ایچ کیو میں انعقاد ہوا، جس میں ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔کانفرنس میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور اور سرحدی صورتحال پر پر غور کیا، کورکمانڈرز نے افغان امن عمل میں پیشرفت پراطمینان کا اظہار کیا۔
اسی طرح کانفرنس کے شرکاء نے عزم کا اعادہ کیا کہ پرعزم کشمیری انشاءاللہ کامیاب ہوں گے۔ کئی دہائیوں سے جاری کشمیر میں بھارتی مظالم جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہے۔ اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک ان کے ساتھ ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی خواہش کے مطابق ہوگا ، انشاء اللہ بہادر کشمیریوں کی جہدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
شرکاء نے امن کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ وطن کیلئے شہداء اور ان کے اہلخانہ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔آر می چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کو ہرقیمت پر شکست دیں گے۔قومی کوششوں سے خطرات کو مکمل شکست ہوگی۔معاشرے کے تمام فریقین کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ہر سطح پر بہترین صلاحیت سے تمام چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے،اداروں کو چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔