حسن کو حسن بنانے میں مرا ہاتھ بھی ہے
آپ مجھ کو نظر انداز نہیں کرسکتے
عشق وہ کار مسلسل ہے کہ ہم اپنے لیے
ایک لمحہ بھی پس انداز نہیں کر سکتے
آج ان خوب صورت اشعار کے خالق رئیس فروغ کی برسی ہے ۔
رئیس فروغ نے اتر پردیش کے شہر مرادآباد میں 1926 میں ایک دینی گھرانے میں جنم لیا . آپ کے والد کا نام محمّد یوسف تھا. رئیس فروغ نے شاعری کی ابتدا مرادآباد میں ہی کر دی تھی. 1950 میں پاکستان آنے بعد معاشی بندھنوں اور اپنی اہلیہ کی بیماری کی وجہ سے شاعری کو زیادہ وقت نہ دے سکے .
1965 میں جنگ کے زمانے میں بیشمار…قومی اور ملّی نغمے لکھے . جن میں شاہین صفت یہ تیرے جوان اے فضائے پاک ان غازیوں پہ سایہ فگن ہے خدائے پاک وغیرہ شامل ہیں.
رئیس فروغ نے ابتدا میں کے پی ٹی میں ملازمت کی، اس کے بعد وہ ریڈیو پاکستان سے منسلک ہو گئے.
ریڈیو پر انہوں نے بیشمار گیت ، ڈرامے اور فیچر لکھے . جن میں اسٹوڈیو نمبر 9 اور حامد میاں کے ہاں بہت مشہور ہیں.
ریڈیو پر ان کے بےشمار گیت مشور ہوئےجن میں
اے وادی مہران اے وادی مہران
میں تجھ پر قربان ہو ،
دھرتی سے ہاریوں کو پھر مامتا ملی ہے
ماں جو بچھڑ گئی تھی بچوں سے آ ملی ہے، وغیرہ
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے پی ٹی وی پر بھی اپنے قلمی جوہر دکھاے. بزم لیلیٰ جس میں رونا لیلیٰ پرفارم کرتی تھیں ، اسکے تمام گیت رئیس فروغ نے لکھے . 1970 کی دہائی میں ٹی وی پر نغمے اور مزاحیہ خاکے تحریر کئے.
شعیب منصور کی ہدایات میں جھرنے پروگرام کے تمام گیت لکھے ، جسے عالمگیر، محمّد علی شہکی اور دیگر فنکاروں نے اپنی آواز سے سجایا۔۔۔۔
فہمیدہ نسرین کی ہدایات میں بچوں کے گیتوں کے پروگرام ہم سورج چاند ستارے کے تمام گیت رئیس فروغ نے لکھے . بعد میں اسے طاہر سنز نے کتابی شکل میں پیش کیا. اس کتاب پر رئیس فروغ کو رائٹرز گلڈ ایوارڈ سے نوازا گیا. بچوں کے یہ گیت بہت پسند کئے گئے چند مثالیں یہ ہیں :
ابّو کے ابّو دادا میاں اتنے بڑے جی ہاں جی ہاں ،
آباد ہے یادوں میں اسکول کا پہلا دن رہتا ہے خیالوں میں اسکول کا پہلا دن ،
گڑیا کی شادی، کلفٹن کی سیر ، وغیرہ شامل ہیں
فوک گلوکارہ ریشماں کا گیا ہوا گیت تو رئیس فروغ کی پی پہچان بن گیا
” میری ہم جولیان کچھ یہاں کچھ وہاں ” . اسے آج کے پوپ گلوکار عاطف اسلم نے بھی گایا ہے
رئیس فروغ کی شاعری کی کتاب ” رات بہت ہوا چلی ” طباعت کے آخری مراحل میں تھی کہ 5 اگست 1982 کو ان کا انتقال ہوگیا .
پھول زمین پر گرا پھر مجھے نیند آ گئی
دور کسی نے کچھ کہا پھر مجھے نیند آ گئی
رات بہت ہوا چلی اور شجر بہت ڈرے
میں بھی ذرا ذرا ڈرا پھر مجھے نیند آ گئی