5 مارچ 1992ء کو سندھ کے وزیراعلیٰ اور نامور سیاستدان جام صادق علی کراچی میں وفات پاگئے۔ جام صادق علی 1935ء میں سانگھڑ میں جام کانبھو خان کے گھر پیدا ہوئے تھے جو خود بھی ایک معروف وڈیرے تھے۔ جام صادق علی نے 50 کی دہائی میں بلدیاتی سیاست سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔ 1962ء میں وہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب نہ ہوسکے تاہم 1965ء میں انہوں نے قومی اسمبلی کا انتخاب جیت کر اپنی پارلیمانی زندگی کا آغاز کیا۔ 1970ء کے عام انتخابات میں انہوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے سندھ اسمبلی کا انتخاب جیتا تاہم بعدازاں وہ پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے اور 1971ء میں پہلی مرتبہ صوبائی وزیر بنے اور وزیر بلدیات کی حیثیت سے بڑی شہرت کمائی۔ 1977ء کے بعد انہوں نے خود ساختہ جلاوطنی اختیار کی اور 1989ء میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہونے کے بعد وطن واپس لوٹ آئے۔ 1990ء میں وہ سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ بنے اور پھر اکتوبر 1990ء کے انتخابات کے بعد شدید جوڑ توڑ کے نتیجے میں سندھ کے مستقل وزیراعلیٰ بن گئے اور اپنی وفات تک اس عہدے پر فائز رہے۔ وہ قصبہ جام نواز علی ضلع سانگھڑ میں آسودۂ خاک ہیں