ADVERTISEMENT
آج سفارت خانہء پاکستان میں یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر مادرِ وطن کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور سرحدوں پر کھڑے ہمہ وقت چوکس غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں سفارت خانے کے عملے کے علاوہ افواجِ پاکستان کے جوانوں اور افسران ، سفارت خانہ پاکستان کے افسروں اور عملے کے اہل خانہ کے علاوہ ممتاز دوحہ میں مقیم پاکستانی شہریوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سفیرِ پاکستان سید احسن رضا شاہ نے پرچم کشائی کا فریضہ سر انجام دیا ۔ افواجِ پاکستان کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ دیار غیر میں قومی پرچم کو سلامی دینے کا منظر بہت پرجوش اور جذباتی تھا، اس موقع پر موجود بے شمار افراد کی آنکھیں پرنم ہوگئیں۔
یوم دفاع پاکستان کی اس پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیرِ عزت مآب پاکستان سید احسن رضا شاہ نے دفاعِ وطن کی خاطر افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ انھوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ دفاعِ وطن کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ دفاع وطن کے لیے افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ انھوں نے اس موقع پر دفاع وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہیدوں اور مختلف محاذوں پر شاندار خدمات انجام دینے والے غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
سفیرِ پاکستان نے قطر اور پاکستان کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کرنے پر پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھر پور طور پر سراہا۔
اس موقع پر نشانِ حیدر کا اعزاز پانے والے شہداءکی قربانیوں کی یاد میں دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
تقریب کا اختتام شہداء کے درجات کی بلندی، مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان سے الحاق ، اور وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا سے ہوا۔