اسلام آباد: بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا غیر معمولی اجلاس منگل کو ایوان صدر میں ہوا جس میں ڈاکٹر ھذال بن حمود العتیبی کی بطور صدر اسلامی یونیورسٹی تقرری کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس کی صدارت صدر مملکت و چانسلر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر عارف علوی نے کی۔
ڈاکٹر ہذال معروف ماہر نفسیات ہیں جبکہ انہوں نے اسی شعبہ میں سپین کی میڈرڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، انہوں نے امریکہ سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے۔ وہ سعودی عرب کی تنظیم برائے تعلیم و نفسیات کے رکن ہیں جبکہ ڈاکٹر ہذال سپین میں نفسیاتی ماہرین کی تنظیم کے بھی رکن ہیں ۔ ڈاکٹر ہذال امام محمد ابن سعود یونیورسٹی میں ڈین کی حیثیت سے خدمات کا تجربہ رکھتے ہیں جبکہ وہ اسی جامعہ میں بطور چیئرمیں شعبہ نفسیات بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر ہذال سعودی عرب کے وزارت اعلیٰ تعلیم کے خصوصی سکالر شپ پروگرام کے مستقل ایڈوائزر بھی رہ چکے ہیں جبکہ اس پروگرام کو خادمین حرمین شریفین کی طرف سے تشکیل دیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر ہذال نصاب کی تشکیل کی قومی کمیٹیوں سمیت تعلیم و تربیت سے متعلقہ دیگر فورمز کے بھی رکن رہے ہیں۔
اس موقع پر اجلاس میں جامعہ کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے رپورٹ پیش کی جس پر شرکاء نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی یونیورسٹی کی کامیابیوں کو سراہا۔
اس اجلاس میں صدر مملکت سمیت پاکستان او ر مسلم دنیا کی اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں جامعہ کے نو تعینات پروچانسلر پروفیسر احمد سلیم محمد الامیری ، چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت ، ریکٹر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹڑ معصوم یٰسین زئی ، سیکرٹری فنانس ،سیکرٹری صدر مملکت ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ، چیئرمین سی ڈی اے، قائمقام صدر جامعہ ڈاکٹر اقدس نوید ملک ، نائب صدر جامعہ ڈاکٹر نبی بخش جمانی، اسلامی تعاون کی تنظیم کے سیکرٹری جنرل ، اسلامی ترقیاتی بنک کے سربراہ ، تعلیم و تحقیق کے ادارے آئی سسکو (ISESCO) کے سربراہ ، شیخ الازہر ، مکہ کی ام القریٰ یونیورسٹی کے ریکٹر، ریکٹر قاہرہ یونیورسٹی ، ریکٹر الازہر یونیورسٹی ، صدر اسلامی یونیورسٹی مدینہ، ور صدر اسلامی یونیورسٹی غزہ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اسلامی یونیورسٹی پاکستان کی واحد جامعہ ہے جس کے بورڈ آف ٹرسٹیز میں پاکستان اور عالم اسلامی سے اتنی اعلیٰ سطح پر نمائندگی ہوتی ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے بورڈ کے غیر ملکی ارکان نے آن لائن شرکت کی ۔