پروفیسر حشمت اللہ لودی 2 جولائی 1929ء یوپی کے مشہور شہر لکھنؤ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد کراچی منتقل ہو گئے اور نباتیات میں ایم ایس سی کی ڈگری امتیازی حیثیت میں حاصل کی۔ تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ تدریس کے شعبے سے وابستہ ہو گئے اور ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے ایس ایم گورنمنٹ سائنس کالج اور گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج کراچی کے پرنسپل کے عہدے پر بھی مقرر ہوئے۔ بعد ازاں محکمہ تعلیم حکومت سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے سے سبکدوش ہوئے۔ انہوں نے متعدد کتابیں تحریر کیں جن میں اے ٹیکسٹ بک آف باٹنی،
خزینہ (سائنسی معلومات)، جدید اولمپک۔ منزل بہ منزل (معلومات عامہ)، عظیم موجدوں کی کہانیاں (معلومات عامہ)، کوئل کا انتقام (بچوں کے لیے لیے) اور خودنوشت سوانح عمری آتا ہے یاد مجھ کو شامل ہیں۔
حشمت اللہ لودی نے سائنس اور معلومات عامہ کے موضوعات پر ریڈیو اور ٹی وی کے متعدد پرگرامز بھی کیے جس کا مقصد نوجوانوں اور طلبہ میں معلومات عامہ کا فروغ تھا۔