جناب یوسف ظفر یکم دسمبر 1914ءکو مری میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے بڑے نامساعد حالات میں زندگی بسر کی۔ 1936ءمیں انہوںنے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ 1939ءمیں انہوںنے میراجی کے ساتھ حلقہ ارباب ذوق کی بنیاد ڈالی اور قیام پاکستان کے بعد مشہور ادبی جریدے ہمایوں کے مدیر مقرر ہوئے۔ بعد ازاں وہ ریڈیو پاکستان سے منسلک ہوئے اور اسٹیشن ڈائریکٹر کے عہدے تک ترقی پائی۔ جناب یوسف ظفرکی سوانح عمری ”یوسف ظفر کی بات“ کے نام سے اشاعت پذیرہوچکی ہے جب کہ ان کے شعری مجموعوں میں نوائے ساز‘ عشق پیچاں‘ حریم وطن‘ صدا بہ صحرا‘ زہرخند اور زنداں کے نام شامل ہیں۔ ان کی شاعری کی کلیات بھی اشاعت پذیر ہوچکی ہے۔ ان کی نثری تصنیف یہودیت بھی اپنے موضوع پر لکھی گئی ایک بڑی وقیع تصنیف ہے۔
جناب یوسف ظفر7 مارچ 1972ءکو راولپنڈی میں وفات پاگئے اور فوجی قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے