کوئٹہ میں جمہوری اسلامی ایران کے قونصل جنرل محترم جناب حسن درویش وند صاحب سے مسٹر نوید اقبال احمد خان کے ہمراہ تفصیلی ملاقات رہی اس موقع پر دانشور و تحقیق کار خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کوئٹہ کے ڈائریکٹر محترم جناب
سید حسین تقی زادہ واقفی صاحب بھی شریک مجلس رہے. تفصیلی حال احوال کے ساتھ حال ہی میں ایران کے ایٹمی سائنسدان کی استعمار کے ہاتھوں شہادت اور علماء کرام کی رحلت پر دعائے مغفرت کی گئی۔ خوشحالی و ترقی کے خبر کے طور پر ایران و افغانستان کے درمیان ریلوے لائن کے ذریعے نئے امکانات و روشن مستقبل پر مبارکباد دی گئی اور ضروری خیال کیا گیا کہ پاکستان اور ایران ملکر اپنے معاشروں کی مجموعی ترقی و خوشحالی کے ساتھ افغانستان کے اندر امن و سلامتی اور
ترقی و خوشحالی کے لئے ہمسائیگی کا انسانی فریضہ ادا کرنے کے لئے بھرپور کوششیں جاری رکھیں۔ ایران و پاکستان کے درمیان
910 کلومیٹر طویل سرحدی علاقے کی ترقی اور تمدنی و تہذیبی نشوونما کے لئے ضروری ہے کہ بھرپور عملی و ادبی سرگرمیوں پر پیش رفت و توجہ دی جائے تاکہ دونوں اطراف کے عوام کو تحفظ و خوشحالی میسر آسکیں۔ اس موقع پر معروف مصنف و فکر پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان صاحب کی معنی خیز کتاب “مباحث خطبات اقبال” اور مستقبل بینی کے سفارشات پر
مشتمل انتہائی اہم تجاویز بھی پیش کی گئی۔یاد رہے کہ مجلس فکر و دانش کے زیر اہتمام پاک افغان ایران اقبال ڈائلاگ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فورم کے مقاصد میں تینوں ممالک کے درمیان مکالمہ اور اقتصادی ترقی و خوشحالی میں پیش رفت
اولین ترجیح ہے۔