جامعہ این ای ڈی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مطالعہ کی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور نئی نسل کی تربیت بھی اتنی ہی ضروری ہے، جتنی تعلیم ۔
وہ اتوار (18 اکتوبر 2020) کی شام کراچی میں ادارہ علم دوست پاکستان کے وفد سے باتیں کررہے تھے جس نے علم دوست کے صدر شبیر ابن عادل کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔
ڈاکٹر سروش لودھی نے کہا کہ انسانی تاریخ کے مطالعے سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ صرف ان ہی اقوام نے ترقی کی جنہوں نے کتاب، کتب خانوں اور اساتذہ کو اہمیت دی ۔
اس سے قبل شبیر ابن عادل نے انہیں 9 نومبر کو علم دوست کے پہلے یوم تاسیس میں شرکت کی دعوت دی، علم دوست کی گزشتہ ایک سال کی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پر علم دوست کے جنرل سیکرٹری میر حسین علی امام نے اپنی کتاب مولوی عبد الحق پیش کی ۔
وفد میں عطا محمد تبسم، نعیم قریشی، ایم وصی الدین اور محمد احمد صدیقی بھی شامل تھے ۔