6 جون 1993ء کو پاکستان کے نامور فلمی موسیقار کمال احمد لاہور میں وفات پاگئے اور میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔ کمال احمد 1937ء میں گوڑ گانواں (یوپی) میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتداہی سے انہیں موسیقی سے شغف تھا۔ ان کو سب سے پہلے فلم شہنشاہ جہانگیر میں موسیقی دینے کا موقع ملا تاہم ان کی فنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار فلم دیا اور طوفان میں ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے متعدد فلموں میں موسیقی دی جن میں رنگیلا، دل اور دنیا، تیرے میرے سپنے، دولت اور دنیا، راول، بشیرا، وعدہ، سلسلہ پیار دا، دلہن ایک رات کی، کندن، محبت اور مہنگائی، عشق عشق، مٹھی بھر چاول، عشق نچاوے گلی گلی، سنگرام، ان داتا اور متعدد فلمیں شامل ہیں۔ کمال احمد نے اپنی بہترین موسیقی پر 6 مرتبہ نگار ایوارڈ حاصل کیا۔ انہیں جن فلموں کی موسیقی ترتیب دینے پر نگار ایوارڈز حاصل ہوا ان کے نام تھے عشق نچاوے گلی گلی، میں جینے نہیں دوں گی، کندن، آسمان، آندھی اور آج کا دور۔