ہم عمران خان سے ایک ایک روپیہ کا حساب لیں گے
وہ سب سے بڑا معاشی مجرم ہے ہمارے مشورے نہ مانے گئے جس کے باعث صورتحال خراب ہوئی (بلاول بھٹو زرداری چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی )
انہوں نے کہا کہ چونکہ ہم نے اپنے 13 سالہ دور کا ایک ایک روپے کا حساب رکھا ہوا ہے پاکستان کا ہر شہری زرداری ہاؤس آ کرریکارڈ چیک کرسکتا ہے جس کے لیے باقاعدہ کاؤنٹر قائم کر دیا گیا ہے لوگ پارٹی فنڈ دے کر اپنا نام رجسٹر کروا سکتے ہیں اور ان ہی لوگوں میں سے آئندہ الیکشن کے لئے قرعہ اندازی کے ذریعے امیدوار سلیکٹ کیے جائیں گےانہوں نے کہا کہ ایک بات پہلے واضح کر دوں کے بوریوں میں بھر کر لایا گیا اور لانچوں کے ذریعے دبئی منتقل کیا گیا سرمایہ اس سے مستثنیٰ ھو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ بھی اپنے 3 سالہ دور کا باقاعدہ حساب رکھنا شروع کر دیں ہم کسی وقت بھی حساب چیک کرنے کا استحقاق رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ عمران خان سب سے بڑا معاشی مجرم ہے جب کہ ہمیں اس نقطہ نظر سے اختلاف ہے کیونکہ پاکستان کی رائے عامہ محترم آصف زرداری کو اول پوزیشن قرار دے چکی ہے لہذا جس بات پر قوم کا اتفاق رائے ہو اسے نئے سرے سے موضوع بحث بنا نا کسی طور مناسب نہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے مشورے نہیں مانے گئے جس کے باعث معاشی حالات خراب ہوئے اگر عمران ہمارے وزیر خزانہ کی بجائے صرف زرداری صاحب سے مشورے ھی لے لیتے تو نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔
جناب بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہمارا تجربہ بہت وسیع ہے کرپشن بارے ہماری پالیسیوں کودنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیر شاہ سوری نے تو شیر اور بکری کو ایک گھاٹ پر پانی پلایا تھا جبکہ ہم نے اپنے تیرہ سالہ دور حکومت میں سندھ کے باسیوں اور گدھوں کو ایک گھاٹ پر پانی پلانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ھے یہی وجہ ہے کہ آج تک کسی کو ہمارے اس اعزاز کو چیلنج کرنے کی جرأت نہیں ہوئی ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہماری اسی خصوصی مہارت اور عالمی شہرت کی بنا پر ایتھوپیا صومالیہ چاڈ سمیت کئی افریقی ملکوں نے اپنے سکالرزکو ہماری پالیسیوں پر پی ایچ ڈی کے لئیے سکالرشپ دینے کا اعلان کیا ۔مزید یہ کہ جناب آصف زرداری کو باقاعدہ لیکچر دینے کے لئیے دعوت نامے موصول ہوئے ہیں .چونکہ جناب آصف زرداری کی طبیعت فی الحال سفر کی اجازت نہیں دیتی ۔لہذا ہماری سینٹرل ایگزیکٹو نے ان کے جگہ سید خورشید شاہ یا وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ میں سے کسی ایک کو ان کی جگہ بیچنے کی منظوری دی ہے تھرڈ آپشن کے طور پر سابق وزیر اعلی سید قائم علی شاہ کا نام بھی زیر غور ہے ۔مگر اس کے لئے ان کو ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی پک اینڈ ڈراپ کی سہولت دینا ھو گی۔