آج پاکستان کے پہلے وزیر اعظم اور قائد اعظم کے دست راست شہید ملت لیاقت علی خان کا یوم شہادت ہے. نوابزادہ لیاقت علی خان یکم اکتوبر 1895ءکو کرنال کے ایک متمول گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے 1918ء میں بی اے کا امتحان پاس کیا اور 1922ء میں انگلستان سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔
وطن واپسی کے بعد انہوں نے سیاست میں فعال حصہ لینا شروع کیا۔ 1926ء میں وہ یو پی کی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔1933ء میں وہ آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہوئے اور 1937ء میں آل انڈیا مسلم لیگ کے جنرل سیکریٹری مقرر ہوئے۔ قائداعظم انہیں اپنا دست راست کہا کرتے تھے۔1946ء میں جب ہندوستان کی ایک عبوری کابینہ قائم کی گئی تو وہ اس میں وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز ہوئے۔ اس وزارت کے اہتمام میں انہوں نے ایک شاندار بجٹ پیش کیا جسے غریب کا بجٹ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔قیام پاکستان کے بعد وہ اس نئی مملکت کے پہلے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ 16 اکتوبر1951ء کو راولپنڈی میں ایک شقی القلب شخص نے انہیں گولی مار کر شہید کرد یا۔ انہیں قائد ملت اور شہید ملت کے خطابات سے نوازا گیا تھا۔ عقیل عباس جعفری کی ڈائری سے