وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے لئے تحریک انصاف کے خالد خورشید خان مضبوط امیدوار تاہم دو دیگر ارکان بھی سرگرم ہیں ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار بھی فائنل نہ ہوسکے ، بلتستان کے بعض ارکان نے فاروڈ بلاک بنانے کا عندیہ دے دیاہے، جبکہ متحدہ اپوزیشن نے وزیر اعلیٰ کے لئے پیپلزپارٹی کے امجدحسین ایڈووکیٹ اسپیکرو ڈپٹی اسپیکر کے لئے اپنے امیدوارنامزد کردئے ہیں۔
33رکنی گلگت بلتستان اسمبلی کے جنرل اور مخصوص نشستوں منتخب 33 ارکان کا نوٹیفکیشن 24 نومبر کو ہوا اور 25 نومبر کو 33 میں سے 31 ارکان نے رکنیت کا حلف اٹھا یا ۔ دو نشستوں پر کامیاب پیپلزپارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ نے جی بی اے 4 نگر ایک کی نشست خالی کردی ہے ، جبکہ تحریک انصاف کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کرنل (ر)عبیداللہ بیگ اسلام آباد میں موجودگی کی وجہ سے پہلے دن حلف نہ اٹھا سکے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعت سمیت 33 میں سے 23 ارکان کی حمایت رکھنے والی تحریک انصاف کی جانب سے 3 ارکان وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں ۔ جن میں جی بی اے حلقہ 2 گلگت 2 سے منتخب رکن فتح اللہ خان، جی بی اے 6 ہنزہ ون کے کرنل عبیداللہ بیگ اور جی بی اے 13 استور ون کے خالد خورشید خان شامل ہیں اور تین ناموں کی فہرست حتمی منظوری کے لئے وزیر اعظم عمران کو بھیج دی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق ابھی تک خالد خورشید خان کی پوزیشن مستحکم ہے اور کئی مقتدر حلقوں نے بھی منظوری دی ہے ، تاہم کرنل عبیداللہ بیگ نے ابھی تک ہار نہیں مانی ہے اور ایک اہم سفارش کے ساتھ اسلام آباد میں موجود ہیں ۔ تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکریٹری فتح اللہ خان بھی سرگرم ہیں ،تاہم ان کے لئے ان کی نشست کا متنازع ہونا مشکلات پیدا کر رہا ہے ۔
تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر کے لئے جی بی اے 11کھرمنگ ون کے سید امجد علی کو نامزد کیا ہے ،تاہم اعلان نہیں کیا ہے ۔ ڈپٹی اسپیکر کے لئے کرنل عبیداللہ بیگ کو راضی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،مگر وہ وزیراعلیٰ سے کم پر تیار نہیں ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلتستان سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے بعض ارکان نے وزارت اعلیٰ کا عہدہ بلتستان ریجن کو نہ دینے پر احتجاج اور پارٹی میں فاروڈ بلاک کا عندیہ دیا ہے اور اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسی صورت میں وہ فاروڈ بلاک کا ساتھ دیں گے۔
متحدہ اپوزیشن کے 9 ارکان نے وزیراعلیٰ کے لئے پیپلزپارٹی کے جی بی اے 1 گلگت 1 سے منتخب امجد حسین ایڈووکیٹ ، اسپیکر کے لئے جی بی اے 21 غذر 3 سے منتخب مسلم لیگ (ن)کے غلام محمد اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے جی بی اے 17 دیامر 3 سے منتخب جمعیت علماء اسلام کے حاجی رحمت خالق کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب جمعرات (آج)شام کو ہوگا، جبکہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب جمعہ کو(کل ) متوقع ہے۔
ایک نشست خالی ہونے سے 33رکنی ایوان 32 ارکان رہ گئے ہیں ۔ جن میں تحریک انصاف کے 20، پیپلزپارٹی کے 4، مسلم لیگ (ن) کے 3، مجلس وحدت مسلمین کے 3(دو ارکان مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کے کوٹے پر)، جمعیت علماء اسلام اور آزاد ایک ایک رکن ہے۔