اردو کے عظیم افسانہ نویس اور خاکہ نگار سعادت حسن منٹو 11 مئی 1912 کو موضع سمبرالہ، ضلع لدھیانہ میں پیدا ہو ئے۔ اور 18 جنوری 1955 کو لاہور میں ان کا انتقال ہوگیا ۔
ان کے والد غلام حسن منٹو لدھیانہ کی کسی تحصیل میں تعینات تھے- دوست انہیں ٹامی کے نام سے پکارتے تھے۔
تعلیمی سلسلہ اپنے آبائی شہر میں جاری رہا، تاہم رسمی تعلیم میں انہیں زیادہ دلچسپی نہ تھی ۔
البتہ منٹو کو لکھنے کا جنون کی حد تک شوق تھا، اور دن رات کہانیاں لکھا کرتے تھے ۔ انہوں نے انسانی نفسیات کو اپنا موضوع بنایا۔
پاکستان بننے کے بعد انہوں نے بہترین افسانے تخلیق کیے۔ جن میں ٹوبہ ٹیک سنگھ، کھول دو، ٹھنڈا گوشت، دھواں، بو شامل ہیں۔ ان کے کئی افسانوی مجموعے اور خاکے اور ڈرامے شائع ہو چکے ہیں۔
کثرتِ شراب نوشی کی وجہ سے 18 جنوری 1955ء ان کا انتقال ہوا۔
سعادت حسن منٹو کی تحریریں آج بھی ذوق و شوق سے پڑھی جاتی ہیں۔ وہ ایک صاحب اسلوب نثر نگار تھے جس کے افسانے، مضامین اور خاکے اردو ادب میں بے مثال حیثیت کے حامل ہیں۔ منٹو ایک معمار افسانہ نویس تھے جنہوں نے اردو افسانہ کو ایک نئی راہ دکھائی-افسانہ مجھے لکھتا ہے منٹو نے یہ بہت بڑی بات کہی تھی۔ منٹو کی زندگی بذات خود ناداری انسانی جدوجہد بیماری اور ناقدری کی ایک المیہ کہانی تھی جسے اردو افسانے نے لکھا۔ منٹو نے دیکھی پہچانی دنیا میں سے ایک ایسی دنیا دریافت کی جسے لوگ قابل اعتنا نہیں سمجھتے تھے یہ دنیا گمراہ لوگوں کی تھی۔ جو مروجہ اخلاقی نظام سے اپنی بنائی ہوئی دنیا کے اصولوں پر چلتے تھے ان میں اچھے لوگ بھی تھے اور برے بھی۔ یہ لوگ منٹو کا موضوع تھے اردو افسانے میں یہ ایک بہت بڑی موضوعاتی تبدیلی تھی جو معمار افسانہ نویس کی پہلی اینٹ تھی۔ اس کے افسانے محض واقعاتی نہیں ہیں ان کے بطن میں تیسری دنیا کے پس ماندہ معاشرے کے تضادات کی داستان موجود ہے۔