اگر ٹرین میں سفر کرتے ہوئے آپ راولپنڈی سے پشاور جا رہے ہیں تو گولڑہ ریلوے اسٹیشن سے پہلے ایک عجیب گم گشتہ و گمنام ریلوے اسٹیشن آپ کے برابر سے ایسے چپکے سے گزر جائے گا کہ آپ کو پتہ ہی نہیں چلے گا ۔ “مدینۃ الحجاج” نامی اس ریلوے اسٹیشن کے یوں پوشیدہ سا ہونے کی وجہ یہ ہے کہ یہ ایک پہاڑی گھاٹی میں ایسی جگہ واقع ہے جہاں اسٹیشن تو بلندی پر ہے جبکہ پلیٹ فارم اس سے بیس پچیس فٹ نیچے گہرائی میں ہے۔ چنانچہ جس زمانے میں ٹرین یہاں رکتی ہوگی اس وقت مسافروں کو ریل میں سوار ہونے کیلئے سیڑھیوں سے اتر کر نیچے آنا پڑتا ہوگا۔ راولپنڈی اسلام آباد کا حاجی کیمپ چونکہ اس اسٹیشن کے قریب ہے اس لئے 1962ء میں یہ اسٹیشن قائم کرتے ہوئے اس کا نام “مدینۃ الحجاج” رکھا گیا تھا ۔ یہاں سے غالباً حجاج ریل میں سوار ہو کر کراچی جاتے ہوں گے جہاں سفینہ حجاج، سفینہ عرب اور سفینہ عابد نامی بحری جہاز انہیں سرزمین حجاز لے جانے کے منتظر ہوتے تھے ۔ سرسبز پہاڑی ڈھلوانوں میں چھپے اس گمنام اسٹیشن پر اب تو شاید کوئی گاڑی نہیں رکتی اور اسٹیشن ماسٹر عبدالصبور خان صرف گزرتی ریل گاڑیوں کو بس ہری جھنڈی دکھانے کا ہی فریضہ انجام دیتے ہیں۔ کبھی وقت ملے تو یہ اسٹیشن ضرور دیکھیں، اچھا لگے گا۔