قومی مفاہمت کے لئے افغانستان کی اعلی کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کل سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ افغانستان کی قومی مفاہمت کے لئے افغانستان کی اعلی کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اٹھائیس تا تیس ستمبر دوہزاربیس کوپاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ اعلی سطحی وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا جس میں قومی مفاہمت کے لئے اعلی کونسل کے نمایاں ارکان بھی شامل ہیں۔
دورہ کے دوران ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کی وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف الٰہی علوی کے علاوہ چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر اعلی شخصیات سے بھی ملاقاتیں ہوںگی۔ وہ انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد میں ایک سیمینار سے کلیدی خطاب کریں گے جبکہ میڈیا کے ساتھ بھی ان کی ملاقات ہوگی۔
قومی مفاہمت کے لئے اعلی کونسل کے چئیرمین کے طورپر ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اس دورے سے افغان امن عمل کا جائزہ لینے کے لئے وسیع امور پر تبادلہ خیال کا موقع میسرآئے گا جبکہ پاکستان اور افغانستان میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ عوامی سطح پر روابط کو تقویت ملے گی۔ واجح رہے کہ دوحہ پراسس کے بعد ان کا یہ دورہ پاکستان افغان امن عمل کے سلسلے میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس دورے کے دوران افغان قیادت میں افغان امن عمل کے سلسلے میں بامعنی پیش رفت ہوگی اور غیر ملکی مداخلت کے بغیر افغانستان میں استحکام پیدا ہو ہو سکے گا۔ پاکستان کے نکتہ نظر سے یہ خطے میں اہم یش رفت ہے جس سے خطے میں استحکام پیدا ہوگا۔
پاکستان افغانستان کے ساتھ گہرے تاریخی، مذہبی، ثقافتی، اقدار اور روایات پر استوار اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان افغان عوام کے لئے امن، استحکام اور خوشحالی کی تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان امن وآشتی، برادرانہ اور قریبی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔