پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹیلیفون کیا ہے، جس میں آرمی چیف نے شہبازشریف کی مزاج پرسی کی اور ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اظہارتشویش کیا، انہوں نے شہباز شریف کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو ٹیلیفون کر کے ان کی مزاج پرسی اور کورونا پازیٹو ہونے پر اظہار تشویش کیا۔آرمی چیف نے شہبازشریف کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی اورعلاج معالجے میں معاونت کا بھی دریافت کیا۔ شہباز شریف نے مزاج پرسی کے لیے ٹیلی فون کرنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔قائد حزب اختلاف شہباز شریفسے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور پیپلز پارٹی کے چئیرمن بلاول بھٹو زرداری نے بھی فون کیا۔دونوں سیاسی رہنماؤں نے شہباز شریف کی مزاج پرسی کی۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے زیادہ اموات ہوں اور معیشت بیٹھ جائے، ایک لیڈر لندن سے بھاگے بھاگے آئے اور کمپوٹر کے سامنے بیٹھ گئے ، کرپشن بچانے کیلئے جیسے کشمیر ایشو کا فائدہ اٹھا یا گیا،اسی طرح کورونا میں اموات پر تنقید کی جاتی ہے، اپنی ٹیم پر فخر ہے ، پریشر کے باوجود لاک ڈاؤن نہیں کیا۔
انہوں نے ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وائرس پھیلتی جا رہی ہے، ہمیں معلوم تھا جب لاک ڈاؤن کھولیں گے تو انفیکشن بڑھتی جائے گی۔اپوزیشن کو دیکھ کر مجھے ایسے لگتا ہے یہ چاہتے ہیں کورونا سے زیادہ اموات ہوں اور معیشت بیٹھ جائے۔تاکہ حکومت پر تنقید کرسکیں، جیسے ہمارے ایک لیڈر لندن سے بھاگے بھاگے آئے اور کمپوٹر کے سامنے بیٹھ گئے ، اور امید لگالی کہ اب میں بتاؤں گا کہ پاکستان کا کیا حال ہے۔