• Privacy Policy
  • Urdu news – aawaza
  • ہم سے رابطہ
  • ہمارے بارے میں
No Result
View All Result
10 °c
Islamabad
  • مخزن ادب
    • مخزن ادب
    • کتاب اور صاحب کتاب
  • زندگی
    • زندگی
    • تصوف , روحانیت
  • معیشت
    • معیشت
    • زراعت
    • ٹیکنالوجی
  • فکر و خیال
    • فکر و خیال
    • تاریخ
    • لٹریچر
  • محشر خیال
    • محشر خیال
    • تبادلہ خیال
    • فاروق عادل کے خاکے
    • فاروق عادل کے سفر نامے
  • اہم خبریں
    • تصویر وطن
    • عالم تمام
  • یو ٹیوب چینل
  • صفحہ اوّل
  • شوبز
  • کھیل
  • کھانا پینا
  • سیاحت
  • مخزن ادب
    • مخزن ادب
    • کتاب اور صاحب کتاب
  • زندگی
    • زندگی
    • تصوف , روحانیت
  • معیشت
    • معیشت
    • زراعت
    • ٹیکنالوجی
  • فکر و خیال
    • فکر و خیال
    • تاریخ
    • لٹریچر
  • محشر خیال
    • محشر خیال
    • تبادلہ خیال
    • فاروق عادل کے خاکے
    • فاروق عادل کے سفر نامے
  • اہم خبریں
    • تصویر وطن
    • عالم تمام
  • یو ٹیوب چینل
  • صفحہ اوّل
  • شوبز
  • کھیل
  • کھانا پینا
  • سیاحت
No Result
View All Result
آوازہ
No Result
View All Result
Home اہم خبریں تصویر وطن

کیا توہین صرف عدلیہ ہی کی ہوتی ہے؟

عدلیہ میں جیتے جاگتے انسانوں کی عزت ادھیڑ کر کیوں رکھ دی جاتی ہے، وزیر اعظم سے لے کر عام آدمی تک کو دھمکیاں کیوں ملتی ہیں؟ سینیٹر عرفان صدیقی ایک اہم مسئلے کی تفہیم کرتے ہیں

سینیٹر عرفان صدیقی by سینیٹر عرفان صدیقی
April 7, 2025
in تصویر وطن
0
کیا توہین صرف عدلیہ ہی کی ہوتی ہے؟
Share on FacebookShare on TwitterShare on LinkedinShare on Whats app
ADVERTISEMENT
Ad (2024-01-27 16:32:21)
میر تقی میر کی لُغت مُستعار لی جائے تو عدل کی کارگۂِ شیشہ گری کا  کام بے حد نازُک ہے۔ اتنا نازُک کہ سانس بھی آہستہ لی جائے۔ یہ تلوار کی دھار سے تیز اور بال سے باریک پُل صراط پر سنبھل سنبھل کر پائوں دھرنے اور توازن برقرار  رکھنے کا فن ہے جس کے لئے جسمانی تربیّت  یا  اعضاء کی مخصوص ساخت کی نہیں،  صرف اُس حلف کو اپنے ایمان ویقین کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے جو  اعلیٰ عدلیہ کا ہر جج، مسندِ عدل پر بیٹھنے سے پہلے اُٹھاتاہے۔
اِس مقدس حلف کا ایک جُملہ ہے__” میں ہر حالت میں، ہر قسم کے لوگوں کے ساتھ بلاخوف و رعایت اور بلارغبت وعناد، قانون کے مطابق انصاف کروں گا۔”  حقیقتِ احوال یہ ہے کہ ہماری تاریخ کے کم وبیش ہر بڑے عدالتی فیصلے پر ”خوف، رعایت، رغبت یا عناد” کی مہر ثبت ہے۔ آئین ہی کے آرٹیکل 209 (8) کے تحت سپریم جوڈیشل کونسل نے ایک نہایت جامع ضابطۂِ اخلاق بھی مرتب کررکھا ہے جس کے تحت ”ہرجج پر لازم ہے کہ وہ خوفِ خدا  رکھتے ہوئے، توازن اور مساوات کے اصول پر قائم رہے۔ مروجہ آداب ورسوم اور اخلاقیات کا خیال رکھے۔ عدالت کے وقار کو ملحوظ رکھتے ہوئے خوش اخلاقی پر عمل پیرا  ہو۔ ”
نظامِ عدل وانصاف میں ایک اساسی کُلیے کا درجہ حاصل کرلینے والا قول ہے کہ ”ملزم، قانون کا لاڈلا بچہ ہوتا ہے۔” یہ قول بھی اصول بن چکا ہے کہ ”ہرملزم اُس وقت تک معصوم ہے جب تک اُس کا جرم ثابت نہ ہوجائے۔” قانون وانصاف کے اِن دونوں اصولی تقاضوں کو جج صاحبان کے حلف اور ضابطۂِ اخلاق کے ہم پہلو رکھ کر پڑھا جائے تو یہ تصوّر کرنا بھی محال ہے کہ انصاف کی مسندِ عالی پر بیٹھا کوئی جج، اپنے سامنے کھڑے ملزم، یا کسی بھی شخص کی عزتِ نفس کے پرخچے اُڑا  دے۔ کھڑے کھڑے اُسے بے لباس کر دے، اُس کی توہین وتضحیک کرے اور اُس پر طنز وتشنیع کے زہرناک نشتر چلائے۔ اِس سے جڑا  المیّہ یہ ہے کہ یہ سب کچھ کھُلے بندوں، روزمرّہ کے معمول کی طرح ہوتا  رہے، ٹیلی ویژن چینلز، آتش بد اماں ریمارکس کی پھلجھڑیوں سے عوام کی تفریحِ طبع کا سامان کرتے رہیں، شام سے رات گئے تک کے ٹاک شوز نشانۂِ تضحیک بننے والے کی قبائے تار تار کے چیتھڑے چُنتے رہیں،  اگلے دن کے اخبارات رنگا رنگ سرخیوں سے اپنے عارض ورُخسار نکھارتے رہیں اور سپریم جوڈیشل کونسل کے کانوں پر جوں تک نہ رینگے۔
یہ بھی پڑھئے:
پراجیکٹ عمران خان__ بہت مہنگا پڑ رہا ہے
ناقابل یقین کہانیوں میں گھری عطیہ فیضی کی اصل کہانی کیا ہے؟
جعفر ایکسپریس: ہائی جیکنگ کے پس پردہ کون کون سی قوتیں تھیں؟
شام کی حالیہ خونریزی اور ممکنہ نئی قیادت
ساری دنیا کے جج صاحبان، دورانِ سماعت سوال وجواب کرتے اور ریمارکس دیتے رہتے ہیں۔ بالعموم اُن کا مقصد زیرنظر مقدمے کے کسی پہلو کی تفہیم ہوتا ہے۔ ریمارکس میں شُستگی اور شائستگی بھی ہوتی ہے اور لطافت وشگفتگی بھی۔ ہمارے ہاں جج صاحبان کے ریمارکس کیلوں والے ڈنڈوں کی طرح اَن گڑھ اور بے ڈھب ہی نہیں، تضحیک آمیز اور زہرناک بھی ہوتے ہیں۔ نہیں معلوم کون سی دستوری شق اِس اَمر کی اجازت دیتی ہے کہ وہ بلند چبوترے کی کرسی پر بیٹھ کر سامنے کھڑے  افراد کو  حشرات الارض سے بھی حقیر تر سمجھیں؟
گذشتہ ماہ کے آخری ہفتے کا ذکر ہے۔ عزت مآب جسٹس بابر ستّار نے، محمد سہیل بنام وفاق پاکستان مقدمے کی سماعت کے دوران ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، مصطفیٰ جمال قاضی کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیے__ ”کیا تمہیں انگریزی پڑھنا آتی ہے؟ آتی ہے تو ہمارا یہ آرڈر پڑھو۔ کیوں نہ تمہارے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے اور جرمانہ عائد کیاجائے۔ آج کل جسے عدالت سے سزا ملتی ہے اُسے میڈل بھی مل جاتا ہے۔ آپ کے لئے اچھی بات یہ ہے کہ اگر عدالت کی طرف سے کوئی پنلٹی لگ گئی تو آپ کو بھی میڈل مِل جائے گا۔”  ڈائریکٹر جنرل نے اپنی صفائی میں کہا کہ ”جب نیب کی طرف سے، بحریہ ٹائون ریفرنس میں نامزد افراد کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PCL) پر ڈالنے کے لئے باضابطہ طورپر مطلع کر دیاگیا تو ‘ضابطہ بند طریقِ کار’ (SOP) کے تحت میرے پاس کوئی راستہ نہیں تھا کہ میں اس پر عمل کروں اور نامزد افراد کے نام، پاسپورٹ کنٹرول لسٹ پہ ڈال دوں۔ میرے پاس نہ تو کوئی عدالتی اختیار ہے نہ میں اِس کے میرٹ کاجائزہ لینے کے لئے اپنی سوچ بروئے عمل لاسکتا ہوں۔”
جج صاحب کا بہر طور اصرار تھا کہ ”تمہیں آنکھیں بند کرکے نیب مراسلے پر عمل کرنے کے بجائے اپنا ‘مائینڈ اَپلائی’ کرنا چاہیے تھا۔” ڈائریکٹر جنرل کے خلاف کارروائی کے امکانات اور اثرات ونتائج پر راہنمائی کے لئے، ہر نوع کی سیاسی آلائش سے پاک، ساری عمر صرف آئینی وقانونی تقاضوں تک محدود  رہنے  اور پیشہ ورانہ  ذمہ داریوں  کو  شخصی پسندوناپسند سے بالا تر رکھنے والے دو انتہائی معتبر معزز ماہرینِ آئین وقانون، شعیب شاہین اور عبدالرحیم بھٹی کو عدالتی معاونین نامزد کر دیاگیا۔ اگلی پیشی پر اِن دونوں معاونین نے رائے دی کہ ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اور متعلقہ ڈائریکٹر نیب کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کا  بھرپور جواز  موجود ہے۔ مصطفیٰ جمال قاضی نے ایک تحریر پیش کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار محمد سہیل کانام، پی۔سی۔ایل سے نکال دیاگیا ہے۔ اِس تحریر سے صرفِ نظر کرتے ہوئے جج صاحب نے کہا__ ”اَب بات بہت آگے نکل چکی ہے۔”
”جسے عدالت سزا دیتی ہے، اُسے تمغہ مل جاتا ہے” کے کلمۂِ فضیلت مآب کا اشارا  واضح طورپر اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نوازمیمن کی طرف تھا جنہیں 9 مئی 2023 کے بعد مختلف ایجنسیوں کی رپورٹس پر متعدد  افراد کو  تحفظِ امن عامہ کے لئے زیرحراست رکھتے ہوئے، عدالتی احکامات ”نظرانداز” کرنے کی پاداش میں، جسٹس بابر ستّار نے مارچ 2024ء میں چھ سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اِس سزا کو  ایک ڈویژن بینچ نے معطّل کردیا تھا جو  آج تک معطّل چلی آ  رہی ہے۔
اِس سال 23 مارچ کو صدرمملکت نے عرفان نواز میمن کو ستارۂِ امتیاز سے نوازا۔ ڈی۔جی امیگریشن کے مقدمے سے عرفان نوازمیمن کا کچھ لینا دینا نہیں تھا لیکن جانے اپنے حلف اور ضابطۂِ اخلاق کی کون سی شق سے صوابدیدی اختیار کشید کرتے ہوئے جج صاحب نے، عرفان نوازمیمن  کے ایک پرانے زخم کو کریدنا اور مُٹھی بھر نمک ڈال دینا،  تقاضائے انصاف جانا؟  بصد احترام کیا پوچھا جاسکتا ہے کہ کیا یہ سب کچھ اعلیٰ عدلیہ کے لئے مخصوص حلف اور ضابطۂِ اخلاق کے عین مطابق ہے؟
رُسوائے زمانہ پانامہ کیس میں عالی مقام آصف سعید کھوسہ نے وزیراعظم نوازشریف پر ‘گاڈ فادر’ کی پھبتی کسی تھی۔ چند  دِن قبل کسی اخبار کے کسی گوشے میں سنگل کالم خبر دیکھی کہ جسٹس عظمت سعید شیخ انتقال کرگئے۔ اللہ تعالی اُن کی مغفرت فرمائے۔ انہوں نے پانامہ کیس میں ہی شریف خاندان کو ”سسلین مافیا” کہا تھا۔ اِس سے بھی قبل 2016 میں انہوں نے ایک مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے کہا تھا __ ”وزیراعظم نوازشریف کو بتا دو کہ  ابھی اڈیالہ جیل میں بہت جگہ خالی ہے۔ ہم نے اُسے ایک دفعہ یہاں بلالیا  تو  وہ دوبارہ  دفتر نہیں جاسکے گا۔” وزیراعظم نے اِن ناروا  ریمارکس کے بارے میں چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کو خط لکھا۔ ایک عشرہ ہونے کو ہے۔ اُس خط کا جواب نہیں آیا۔ جانے وہ کون سی سیلن زدہ کوٹھڑی کی کس کِرم خوردہ الماری میں پڑا ہے۔
کیا توہین صرف عدلیہ ہی کی ہوتی ہے؟ اُن جیتے جاگتے انسانوں کی کوئی عزت وتوقیر نہیں جن کے بنیادی حقوق سے آئین چھلک رہا ہے لیکن جن کی پیٹھ پر تازیانے برساتے ہوئے جج صاحبان کا دِل اُس خوفِ خدا سے بھی خالی ہوجاتا ہے جس کا ذکر اُن کے ضابطۂِ اخلاق کا مقدس نوشتہ ہے۔
٭٭٭٭٭٭
Screenshot 2024-02-07 at 2.46.36 AM
Tags: آوازہجسٹس بابر ستارعدلیہعرفان صدیقینواز شریف
Previous Post

پراجیکٹ عمران خان__ بہت مہنگا پڑ رہا ہے

Next Post

اقبال__ کیا ہم بھول جائیں گے؟

سینیٹر عرفان صدیقی

سینیٹر عرفان صدیقی

عرفان صدیقی استاد ہیں، ادیب ہیں، شاعر یا کالم نگار؟ یہ بحث اب پرانی ہوئی۔ قدرت نے انھیں یہ سب خوبیاں عطیہ کی ہیں لیکن ایک انعام اس سے بھی بڑا ہے۔ ہمارے یہاں ادیب اور شاعر حضرات اپنے سیاسی نظریات چھپاتے ہیں لیکن عرفان صاحب نے ان مصلحتوں سے بے نیاز ہو کر اپنی سیاسی شناخت کو اجاگر کرنے میں بھی کسی عذر سے کام نہیں لیا۔ یہ طرز عمل ہمارے ان بزرگوں کی پیروی میں تھا جنھوں نے قلم و قرطاس سے بھی اپنا تعلق رکھا اور اپنی آدرشوں کے لیے جدوجہد کے لیے سیاسی راستہ بھی اختیار کیا۔ عرفاں صاحب ہماری اسی تہذیب کی زندہ نشانی ہیں۔

Next Post
اقبال__ کیا ہم بھول جائیں گے؟

اقبال__ کیا ہم بھول جائیں گے؟

ہمارا فیس بک پیج لائیک کریں

ہمیں ٹوئیٹر ہر فالو کریں

ہمیں انسٹا گرام پر فالو کریں

Contact Us

[contact-form-7 id=”415″ title=”Contact form 1″]

Categories

  • Aawaza
  • Ads
  • آج کی شخصیت
  • اہم خبریں
  • تاریخ
  • تبادلہ خیال
  • تصوف , روحانیت
  • تصویر وطن
  • ٹیکنالوجی
  • خطاطی
  • زراعت
  • زندگی
  • سیاحت
  • شوبز
  • صراط مستقیم
  • عالم تمام
  • فاروق عادل کے خاکے
  • فاروق عادل کے سفر نامے
  • فکر و خیال
  • کتاب اور صاحب کتاب
  • کھانا پینا
  • کھیل
  • کھیل
  • کیمرے کی آنکھ سے
  • لٹریچر
  • محشر خیال
  • مخزن ادب
  • مصوری
  • معیشت
  • مو قلم

About Us

اطلاعات کی فراوانی کے عہد میں خبر نے زندگی کو زیر کر لیا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ روح ضعیف ہو گئی اور جسم و جاں یعنی مادیت کا پلہ بھاری ہو گیا "آوازہ" ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو خبر کے ساتھ نظر کو بھی اہمیت دے گا۔ اس پلیٹ فارم پر سیاست اور واقعات عالم بھرپور تجزیے کے ساتھ زیر بحث آئیں گے لیکن اس کے ساتھ ہی روح کی غذا یعنی ادب و ثقافت اور روحانیت سمیت بہت سے دیگر لطیف موضوعات بھی پڑھنے اور دیکھنے والوں کو لطف دیں گے۔
  • Privacy Policy
  • Urdu news – aawaza
  • ہم سے رابطہ
  • ہمارے بارے میں

© 2022 Aawaza - Designed By Dtek Solutions

No Result
View All Result
  • Privacy Policy
  • Urdu news – aawaza
  • ہم سے رابطہ
  • ہمارے بارے میں

© 2022 Aawaza - Designed By Dtek Solutions