ڈاکٹر شکیل فاروقی کراچی یونیورسٹی کے اساتذہ میں مقبول ترین شخصیت کے مالک اور کراچی کی سماجی اور شعری محفلوں کی جان اور پہچان تھے۔وہ فیس بک پر ہمارے دوست تھے اور اس وجہ سے ان سے ہمارا غائبانہ تعارف تھا۔ ہم ان کی تعلیمی،ادبی، شعری اور سماجی سرگرمیوں سے اچھی طرح واقف تھے۔کوئی سال بھر پہلے ہم نے ایک دفعہ ان سے فیس بکی ذریعہ سے بات کی تو وہ بہت خوش ہوئے اور کہا آپ کو یاد نہیں ہم تو آپ کو عرصے سے جانتے اور زمانہ طالب علمی سے پڑھتے بھی رہے ہیں اور بڑے خوش ہیں آج آپ سے بات بھی ہورہی ہے۔اس کے بعد تو وقفے وقفے سے ہماری بات چیت جاری رہی۔ اسی دوران ہم پر یہ حیران کن انکشاف ہوا کہ شکیل فاروقی تو ہمارے بہت ہی گہرے اور بھائیوں جیسا خیال رکھنے والے بلدیہ کراچی کے ڈائریکٹر اطلاعات عامہ سیف الرحمن گرامی مرحوم کے چھوٹے بھائی ہیں تو ہماری محبت میں مزید اضافہ ہوگیا جب ایک بار ہم نے پوچھا کہ وہ گرامی اور آپ فاروقی کیسے ہیں ؟ تو انہوں نے پروفیسرانہ انداز میں اس کی بڑی دلچسپ وضاحت کی۔ شکیل فاروقی کے ہسپتال میں داخلے اور ان کے لئے دعاؤں کی درخواستوں سے فیس بک بھر گیا جس سے ہر طبقہ میں ان کی دوستیوں اور مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔اللہ تعالی ان کو غریق رحمت کرے اور لواحقین کو صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
تیسری دل خراش خبر ہمارے چچازاد بھائی حاجی لطیف بھائی کے انتقال کی ہے وہ کوئی چالیس سال سے چکسواری میرپور میں رہائش پذیر تھے۔ان کا وہاں فرنیچر کا کارخانہ اور ان کے بیٹوں کا تعمیرات مکانات کا بڑا کاروبار ہے۔ ہم 2016ء میں پاکستان گئے تو ان سے اور ان کے بچوں سے مدتوں بعد ملاقات ہوئی تھی۔ اللہ تعالی ان کی بھی مغفرت کرے اور ان کے لواحقین کو صبر دے۔