آج نامور عالم دین، مفسر قرآن، دانشور، متعدد کتابوں کے مصنف اور جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید بوالاعلیٰ مودودی کی برسی ہے ۔مولانا ابوالاعلیٰ مودودی 25 ستمبر 1903ءکو اورنگ آباد (حیدرآباد دکن) میں پیدا ہوئے تھے۔ 1932ءمیں آپ نے ترجمان القرآن جاری کیا۔ علامہ اقبال کی خواہش پر آپ نے پنجاب کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنایا اور 26 اگست 1941ءکو لاہور میں 75 افراد کے اجتماع میں جماعت اسلامی کی تشکیل کی۔ بعدازاں آپ پٹھان کوٹ منتقل ہوگئے اور وہاں دارالاسلام کی بنیاد ڈالی۔
قیام پاکستان کے بعدمولانا ابوالاعلیٰ مودودی نے لاہور میں اقامت اختیار کی۔ 1953ءمیں تحریک ختم نبوت کے سلسلہ میں آپ کو سزائے موت سنائی گئی جو بعدازاں منسوخ کردی گئی۔ ایوب خان کے دور حکومت میں جماعت اسلامی پر پابندی عائد ہوئی۔ 1972ءمیں آپ کی مشہور تفسیر تفہیم القرآن مکمل ہوئی۔ اسی برس آپ ضعیفی اور علالت کی وجہ سے جماعت کی امارت سے دستبردار ہوگئے۔
یکم مارچ 1979ءکومولانا ابوالاعلیٰ مودودی کو پہلا شاہ فیصل ایوارڈ دیا گیا۔ اسی برس 27 مئی 1979ءکو آپ اپنے علاج کے لئے امریکا روانہ ہوئے جہاں 22ستمبر 1979ءکو آپ کا انتقال ہوگیا۔ آپ ذیلدار پارک، اچھرہ (لاہور) میں آسودہ خاک ہیں۔