پروفیسر ڈاکٹر محمد شکیل اوج یکم جنوری 1960ءکو کراچی میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کراچی سے مکمل کرنے کے بعد جامعہ کراچی سے ڈاکٹریٹ آف فلاسفی کی سند حاصل کی۔ آپ نے صحافت میں ایم اے کرنے کے ساتھ ایل ایل بی کی ڈگری بھی حاصل کی۔ علاوہ ازیں پی ایچ ڈی(قرآن کے آٹھ منتخب تراجم کا تقابلی جائزہ) اور ڈی لٹ کی ڈگریاں بھی حاصل کیں۔ آپ حافظ قرآن ہونے کے ساتھ ساتھ مفسر قرآن بھی تھے۔ آپ کے کئی مقالہ جات اور مضامین اخبارات کی زینت بن چکے ہیں۔ آپ 1987ء سے درس و تدریس سے وابستہ تھے۔ وفات سے قبل آپ جامعہ کراچی کے شعبہ معارف اسلامیہ کے رئیس (ڈین) تھے۔ آپ کی مطبوعہ کتب کی کل تعداد 15 ہے، جس میں’’قرآن کے آٹھ منتخب تراجم کاتقابلی جائزہ‘‘، ’’اصول تفسیر و تاریخِ تفسیر‘‘، ’’اصولِ حدیث و تاریخِ حدیث‘‘،’’صاحبِ قرآن‘‘، ’’رضا کوئز بک‘‘،’’نسائیات‘‘،’’غزوۂ بدر اور حضور کی جنگی اور سیاسی حکمت عملی‘‘،’’اسلامی سائنس کے یورپ پر اثرات‘‘،’’آئمہ مجتہدین کے اختلافات اور ان کی نوعیت‘‘،’’تفہیم الاسلام :چند مغالطے اور اُن کے ازالے‘‘،’’خواجہ غلام فرید کے مذہبی افکار‘‘،’’تعبیرات‘‘اور’’افکار شگفتہ‘‘ شامل ہیں۔ 14اگست 2014ء کو حکومت ِپاکستان نے آپ کو تمغہ امتیاز دینے کا اعلان کیا۔ 18ستمبر2014ء کو گلشن اقبال کراچی میں نامعلوم قاتلوں نے آپ کو شہید کردیا۔