آج کامیڈی کی دنیا میں ڈائیلاگ بولنے میں انفرادیت رکھنے والے نامور اداکار لہری کی برسی منائی جائے گی۔
سفیر اللہ المعروف لہری نے فلمی کیریئر کا آغاز 50 کی دہائی میں کیا، جو 30 سال تک جاری رہا۔ انھوں نے تین سو سے زائد فلموں میں کام کیا، مزاحیہ اداکاری میں بھی منفرد انداز کے مالک رہے۔ لہری کو بے ساختہ جملے ادا کرنے میں عبور حاصل تھا ۔ ان کی آخری فلم ’’دھنک ‘‘1986ء میں ریلیز ہوئی۔ اداکار لہری فلمی صنعت کے بزرگ ترین فنکار تھے، انھیں مرحوم کامیڈی اداکار یعقوب کا جانشین قرار دیا جاتا تھا۔
1955 ء میں لچھو سیٹھ شیخ لطیف فلم ایکسچینج والے نے ایک فلم ’’انوکھی‘‘ بنانے کا اعلان کیا جس میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے کے لیے ان کی بھانجی شیلا رمانی بھارت سے پاکستان تشریف لائیں۔ اس طرح سفیر اللہ (لہری) کو اس فلم میں اپنی خداد داد صلاحیتوں کو پردہ سیمیں پر پیش کرنے کا موقع ملا اور ان کی یہ پہلی فلم 1956ء کے اوائل میں نمائش کے لیے پیش کردی گئی۔
ان کی زندگی کے آخری ایام میں اداکار معین اختر نے ان کی بڑی دیکھ بھال کی اور وہ 13 ستمبر 2012ء کواس دنیا فانی سے کوچ کر گئے ۔