آج پاکستان کی مشہور فلمی اداکارہ مینا شوری کی تینتیسویں برسی ہے۔ مینا شوری کا اصل نام خورشید جہاں تھا اور وہ 1920ءمیں رائے ونڈ لاہور میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے فلمی کیریئر کا آغاز بمبئی میں سہراب مودی کی فلم سکندر سے ہوا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد فلمی صنعت کے دروازے مینا شوری کے لئے کھل گئے۔اس زمانے میں بننے والی ان کی دیگر فلموں میں پھر ملیں گے، پتھروں کا سوداگر، شہر سے دور، پت جھڑ، چمن اور ایک تھی لڑکی کے نام شامل ہیں۔
ایک تھی لڑکی میں ان پر فلمائے ہوئے ایک نغمے کے بول کی وجہ سے ان کا نام لارا لپا گرل پڑ گیا۔
قیام پاکستان کے بعد انہوں نے پہلے کراچی اور پھر لاہور میں سکونت اختیار کی۔ پاکستان میں ان کی مشہور فلموں میں مس 56، سرفروش، بڑا آدمی، ستاروں کی دنیا، جمالو، مرزا جٹ اور میرا گھر میری جنت کے نام سرفہرست ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 83 فلموں میں کام کیا جن میں 29 فلمیں بھارت میں اور 54 فلمیں پاکستان میں فلمائی گئی۔ مینا شوری نے پانچ شادیاں کیں مگر اولاد کی نعمت سے محروم رہیں۔ 2 ستمبر 1987ءکو مینا شوری کا لاہور میں انتقال ہوگیا۔ وہ لاہور میں میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔