آج امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت، دختر پاکستان ملالہ یوسف زئی کا جنم دن ہے، ملالہ یوسف زئی 12 جولائی 1997ء کو پاکستان کے مشہور شہر مینگورہ میں پیدا ہوئی تھیں جہاں پر انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ ملالہ یوسف زئی بچپن ہی سے تخلیقی صلاحیتوں کی مالک تھیں اور انہوں نے خواتین کی آزادی کیلئے جدوجہد شروع کی. ملالہ یوسف زئی نے کم عمری میں ہی لڑکیوں کو جہالت سے نکالنے اور ان کی زندگی میں جدت لانے کے لئے کالم نگاری کا آغاز کیا اور بین الاقوامی میڈیا میں اس حوالے سے کالم نگاری کی جس کے بعد اکتوبر 2012ء میں ملالہ یوسف زئی پر طالبان نے حملہ کیا جس میں وہ زخمی ہو گئیں اور انہیں برطانیہ منتقل کیا گیا جہاں کافی عرصے زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ صحت یاب ہوئیں. ملالہ یوسف زئی کو لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آواز بلند کرنے پر پوری دنیا میں سراہا جاتا ہے اور ان کے آبائی وطن پاکستان میں بھی وہ عزم و ہمت کی علامت تصور کی جاتی ہیں۔ ملالہ یوسف زئی کو کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ جن میں امن کا نوبیل ا نعام بھی شامل ہے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے لڑکیوں کے حق حصول تعلیم کے حوالے سے ان کی خدمات کے اعتراف میں ان کے یوم پیدائش کو عالمی یوم ملالہ کے طور پر منایا جاتا ہے.