آج اسٹیج اور ٹیلی وژن کے کے مشہور اداکار اور میزبان معین اختر کی برسی ہے۔ معین اختر 24 دسمبر 1950ء کو بمبئی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 6 ستمبر 1966ءکو پاکستان کے پہلے یوم دفاع کی ایک تقریب میں کیا تھا جس کے بعد انہوں نے پلٹ کر نہیں دیکھا اور کامیابیوں کے ریکارڈ پر ریکارڈ قائم کرتے چلے گئے ۔ 1968ءمیں انہوں نے نگار فلم ایوارڈ کی تقریبات میں اور 1970ءمیں انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن پر ضیاءمحی الدین شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جس کے بعد وہ پاکستانی اسٹیج اور ٹیلی وژن کے مصروف ترین فن کار بن گئے۔
معین اختر نے پاکستان ٹیلی وژن کے لاتعداد پروگراموں کی میزبانی کی جن میں یس سر نو سر اور معین اختر شو کے نام سرفہرست ہیں۔ انہوں نے ایک پرائیویٹ چینل کے کوئز پروگرام کیا آپ بنیں گے کروڑ پتی کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیئے۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے جن ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے ان میں روزی، مکان نمبر 47، ہاف پلیٹ، عید ٹرین، بندر روڈ سے کیماڑی، سچ مچ اور آنگن ٹیڑھا کے نام شامل ہیں۔ انہوں نے مسٹر کے ٹو، مسٹر تابعدار اور راز نامی فلموں میں بھی کام کیا۔ ان کے مشہور اسٹیج ڈراموں میں بکرا قسطوں پر، بچاﺅ معین اختر سے، ٹارزن معین اختر، بہروپیا اور بڈھا گھر پر ہے کے نام شامل ہیں۔ 2005ءکے لگ بھگ انہوں نے پرائیویٹ ٹی وی چینل کے ٹاک شو پروگرام لوز ٹاک میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور اس پروگرام میں 200 سے زیادہ بہروپ بھرے۔ حکومت پاکستان نے معین اختر کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز کے اعزازات عطا کیے تھے۔
معین اختر 22 اپریل 2011ءکو کراچی میں وفات پاگئے۔ وہ کراچی میں ماڈل کالونی ملیر کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔