آج گلوکار احمد رشدی کی برسی ہے۔ احمد رشدی 24اپریل 1934ء کو حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے بھارت میں بننے والی فلم عبرت میں اپنی گائیکی کا جادو جگایا۔1954 ء میں وہ پاکستان آگئے جہاں انہوں نے ریڈیو پاکستان سے بندر روڈ سے کیماڑی جیسے مقبول نغمے سے اپنے ایک نئے سفر کا آغاز کیا۔پاکستان میں احمد رشدی کی بطور پس پردہ گلوکار پہلی فلم کارنامہ تھی تاہم اس کی ریلیز سے پہلے ان کی ایک اور فلم انوکھی ریلیز ہوگئی۔اس کے بعد انہوں نے پلٹ کر نہیں دیکھا۔ انہوں نے مجموعی طور پر951فلمی نغمات ریکارڈ کروائے جن میں اردو نغمات کی تعداد 812 تھی۔ انہیں سب سے زیادہ مقبولیت ان نغمات سے ملی جو انہوں نے وحید مراد کے لئے ریکارڈ کروائے تھے۔احمد رشدی نے 11 اپریل 1983ءکو کراچی میں وفات پائی اور کراچی ہی میں سخی حسن کے قبرستان میں ٓسودہ خاک ہوئے۔ انھوں نے اپنی گائیکی پر لاتعداد ایوارڈز حاصل کئے۔ حکومت پاکستان نے ان کی وفات کے20 برس بعد14اگست 2003ءکو انھیں ستارہ امتیازعطا کیا تھا۔