مشرقی پاکستان سے تعلق رکھنے والے اداکار رحمان نے 1962 کی فلم چندا سے اپنے فلمی کئیرئرکا آغاز کیا تھا۔ اس فلم نے گولڈن جوبلی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ جب کہ انکی دوسری فلم تلاش بھی سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے ڈائیریکشن کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا تھا۔ بطور ڈائیریکٹر ان کی پہلی فلم 1964 کی ملن تھی۔ اس فلم نے بھی بے پناہ بزنس کیا۔ انہوں نے بطور پروڈیوسر اور ڈئیریکٹر کے 2 فلمیں چاہت اور لگن بنائیں۔ جن میں سے چاہت کامیاب اور لگن فلاپ گئی تھی۔ ان کی ایک نغماتی فلم درشن بھی تھی۔ جس میں انہوں نے اداکارہ شبنم کے ساتھ کام کیا تھا یہ فلم اپنے شان دار گیتوں کے باعث بہت کامیاب گئی تھی۔جب کہ دو ساتھی میں ان کا ایک گانا ایک تھی گڑیا بڑی بھولی بھالی، اورچاہت کا گانا ساون آئے ساون جائے بہت مشہور ہوا تھا ۔ ان کی جوڑی اداکارہ شبنم کے ساتھ جوب جچتی تھی اور انہوں نے بیش تر فلمیں شبنم کے ساتھ ہی کی تھیں۔ پھر وہ ڈھاکہ چلے گئے تھے۔ اور پھر زندگی کے آخری ایام وہیں پر ہی گزارے۔ اداکار رحمان ایک حادثے میں اپنی ایک ٹانگ بھی گنوا بیٹھے تھے۔ وہ ایک طویل عرصے سے بستر مرگ پر تھے ان کا انتقال 18 جولائی 2005 کو ہوا تھا۔