فضل محمود کی وفات آج پاکستان کے مشہور ٹیسٹ کرکٹر فضل محمود کی تاریخ وفات ہے۔ فضل محمود 18 فروری 1927ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن اور پنجاب یونیورسٹی سے معاشیات میں ایم اے کیا۔ انہوں نے 1943ء سے کرکٹ کھیلنی شروع کی اور 1952ء میں بھارت کا دورہ کرنے والی پاکستان کی پہلی کرکٹ ٹیم کے رکن منتخب ہوئے۔ پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹ کے آغاز میں انہوں نے پاکستان کو جو کامیابیاں دلوائیں وہ پاکستانی کرکٹ کی حسین یادیں شمار کی جاتی ہیں۔ بھارت کے خلاف لکھنؤ ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی کامیابی ہو یا اوول کی شاندار فتح، فضل محمود ہر کامیابی میں سب سے آگے رہے۔ فضل محمود نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 34 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 139 وکٹیں حاصل کیں۔ فضل محمود نے 10 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی بھی کی۔ وہ پاکستان کے پہلے کپتان تھے جنہوں نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔وہ پاکستان کے پہلے کھلاڑی تھے جنہیں کرکٹ کی مشہور کتاب وزڈن نے سال کے پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹوں کا ہدف عبور کرنے والے بھی پہلے پاکستانی کھلاڑی تھے۔ وہ اور عبدالحفیظ کاردارپہلے کرکٹرز تھے جنہیں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ 30 مئی 2005ء کو فضل محمود لاہور میں وفات پاگئے اور قبرستان مسافر خانہ، گڑھی شاہو میں سپردخاک ہوئے۔