15 دسمبر 1961ء اردو کے ممتاز شاعر ذی شان ساحل کی تاریخ پیدائش ہے۔ ذی شان ساحل حیدرآباد میں پیدا ہوئے تھے۔ بچپن میں پولیو سے پیر خراب ہوجانے اور کائی فوسکو لیوسیس نامی بیماری کی وجہ سے وہ اپنی تعلیم مکمل نہیں کرپائے۔ اس بیماری کی وجہ سے زندگی کا بڑا حصہ انہوں نے وہیل چیئر پر گزارا۔
یہ بھی پڑھئے:
حسین نقی کے نام ایک شاگرد کا خط
چوبیس نومبر: آج خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر کا یومِ ولادت ہے
1977ء میں انہوں نے شاعری کو اپنا ذریعہ اظہار بنایا۔ شروع شروع میں انہوں نے کچھ غزلیں بھی لکھیں لیکن بعد میں نثری نظم ان کی پہچان بن گئی۔ ان کی شاعری کے مجموعے ایرینا، چڑیوں کا شور، کہرآلود آسمان کے ستارے، جنگ کے دنوں میں، کراچی اور دوسری نظمیں، ای میل اور دوسری نظمیں، شب نامہ اور دوسری نظمیں اور نیم تاریک محبت کے نام سے شائع ہوئیں۔ ان کی نظموں کا تہمینہ احمد نے انگریزی میں ترجمہ بھی کیا جو On The Outside کے نام سے اشاعت پذیر ہوئیں۔
عمر کے آخری ایام میں وہ ایک ناول لکھنے کی تیاری کررہے تھے کہ سانس کی دقت کی وجہ سے 12 اپریل 2008ء کو کراچی میں وفات پاگئے۔وہ کراچی میں وادیٔ حسین کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔
ان کی ایک نظم ہے:
سیڑھیاں- ایک معمولی مکالمہ
میں ابھی سیڑھیاں چڑھوں گا
اور دھوپ میں رکھے ہوئے پھول
نیچے لا کے پانی میں ڈال دوں گا
مجھ سے مت کہو
تیز دھوپ سیڑھیاں
پانی میں کھلے ہوئے پھول
ہمیں کچھ نظر نہیں آتا