سچے اور حقیقت پر مبنی ایسے تلخ و شیریں واقعات جنہوں نے زندگی کا رخ ہی بدل کر رکھ دیا۔ اسی موضوع کو انتہائی خوبصورتی اور مہارت سے پیش کیا جارہا ہے بہت جلد آنے والی ویب سیریز ’بادبان‘ میں۔ جس میں مرکزی کردار میں آغا شیراز جلوہ گر ہورہے ہیں۔ صحافی سفیان خان کے لکھے ہوئے اسکرپٹ کی ڈائریکشن دانش ہاشمی نے دی ہے۔ جبکہ اس بہترین کاوش کا بنیادی خیال عاصم اسماعیل کا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ یہ پاکستان کی پہلی ویب سیریز ہوگی جو سچے واقعات کے گرد گھومے گی۔ جس میں زندگی کا وہ چہرہ روشناس کرایا جائے گا۔
جس پر ابھی تک کسی ہدایتکار نے کام نہیں کیا۔ ’بادبان‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسکرپٹ رائٹر سفیان خان کا کہنا تھا کہ یہ وہ سچے واقعات ہیں جو ناظرین کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیں گے۔ نوجوان ہدایتکار دانش ہاشمی کہتے ہیں کہ کہانیاں ایسی ہیں جن سے ہر انسان کا کسی نہ کسی طرح واسطہ رہتا ہے۔ عین ممکن ہے کہ اس ویب سیریز کو دیکھنے کے بعد بیشتر ناظرین کو احساس ہو کہ یہ جیسے ان کی ہی کہانی ہے۔ ’بادبان‘ بہت جلد جاری کی جانے والی ہے۔