پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دنیا بھر میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردینے والے ڈرامہ سیریز کے ہیرو ارتغرل غازی کا مجسمہ نصب کر دیا گیا اور مجسمے سے متصل چوک کو بھی ارتغرل غازی کے نام سے منسوب کر دیا گیا۔ لاہور سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لاہور میں ملتان روڈ پر واقع ایک نئے رہائشی علاقے مرغزار ہاؤسنگ اسکیم کے مکنیوں نے یہ فیصلہ از خود کیا ہے اور اس مقصد کے لیے اپنے وسائل سے ملک کے ماہر مجسمہ سازوں میٹل اور فائبر کے استعمال سے یہ مجسمہ تیار کرایا گیا ہے۔ ان مجسمہ سازوں کا تعلق کمالیہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے اور وہ پاکستان میں اس فن کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔
مجسمے میں ایک بہادر جنگ جو کو اس کے سپاہیانہ انداز کے عین مطابق پیش کرنے کے لیے ہوا میں تقریباً اڑتا ہوا گھوڑا دکھایا گیا ہے جس پر ارتغرل غازی تلوار لہراتے ہوئے بیٹھا دکھائی دیتا ہے۔ مرغزار ہاؤسنگ سوسائیٹی کے عہدے داروں نے بتایا ہے کہ سوسائیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملت اسلامیہ کے اس عظیم فرزند اور خلافت عثمانیہ کے بانی کی عظیم تاریخی خدمات کو خراج عیدت پیش کرنے کے لاہور کے کسی مرکزی چوک پر بھی ارتغرل غازی کا ایک شایان شان مجسمہ نصب کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ توقع کی جاتی ہے کہ لاہور کی مقامی حکومت سے بات چیت کے بعد جلد ہی شہر کے کسی اہم چوک کا انتخاب اس سلسلے میں کر لیا جائے گا۔ خیال ہے کہ مقبول ڈرامہ سیریز ارتغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انگن آلتن دوزے آلتن(Engin Altan Duzyaltan) کے متوقع دورہ پاکستان کے موقع پر اس چوک کا افتتاح کیا جائے گا۔
واضح دنیا بھر میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والا یہ ڈرامہ ان دنوں پاکستان میں بھی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے۔