اسلام آباد: شریعہ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے موجودہ غیر معمولی صورت حال میں اپنی تعلیمی و تربیتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے حوالے سے متعدد نئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں سوشل میڈیا ذرائع کا بھر پور استعمال بالخصوص اکیڈمی کے یوٹیوب چینل کا اجرا، ویب سائٹ کی ازسر نو تشکیل اور فاصلاتی نظام تعلیم کو مزید فعال کرنا شامل ہیں ۔
اس حوالے سے اکیڈمی نے فوری طور پر مفتیان کرام کے لیے آئن لائن قانون آگاہی کورس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کورس 15 اپریل سے شروع کیا جا رہا ہے جو چھ روز تک جاری رہے گا۔ کورس کے دوران شرکا کو ہر روزصوتی تسجیل کی صورت میں چار لیکچرز بھیجے جائیں گے۔ ہر لیکچر 35 سے 45 منٹ کے دورانیہ پر مشتمل ہوگا۔ کورس میں شرکا کی فعال شرکت کو یقینی بنانے کی خاطر انہیں ہر روز ایک مختصر سا سوالنامہ بھیجا جائے گا جو اس دن کے لیکچرز کے موضوعات سے متعلق سوالات پر مشتمل ہوگا۔ اسی طرح شرکا کورس اپنے سوالات تحریری صورت میں ارسال کر سکیں گے جن کے جوابات ان کو اگلے دن ارسال کیے جائیں گے۔
کورس کے بنیادی موضوعات درج ذیل ہیں
۔ پاکستان کا قانونی اور عدالتی نظام
۔ قرارداد مقاصد: اسلامی نظام کی دستوری اساس
۔ دساتیر پاکستان اور اس کی اسلامی دفعات
۔ اسلامی دستوری ادارے
۔ دیوانی اور فوجداری قانون کا تعارف
۔ پاکستان میں رائج عائلی قوانین کا تعارف
۔ حقوق انسانی کا بین الاقوامی نظام
۔ معاصر قانونی مسائل ( طبی و معاشی مسائل)۔
یہ امر اکیڈمی کے لیے انتہائی باعث اطمینان ہے کہ مجوزہ کورس کو اندرون اور بیرون ملک سے بھر پور پذیرائی ملی ہے اور آٹھ سو سے زائد مفتیان کرام نے اس میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ ابھی رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں سات روز باقی ہیں۔
کورس سے متعلق مزید تفصیلات بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر ملاحظہ کی جا سکتی ہیں