پاکستان ٹیلی ویژن کے سابق پروڈیوسر ، معروف ہائیکو شاعر ، مشہور ٹی وی ڈرامہ سیریل “ دائرے “ کے ڈائریکٹر پروڈیوسر اور سب سے بڑھ کر بڑی محبت کرنے والے انسان اقبال حیدر گذشتہ روز امریکہ ( ڈیلس )میں شدید ہارٹ اٹیک کے بعد ہسپتال لے جائے گئے لیکن وہ جان بر نہ ہو سکے۔
جاپان اور پاکستان کے باہمی تعلق کے فروغ کے حوالے سے ان کی کوششیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ کراچی میں جاپان کونصلیٹ کے زیراہتمام ہونے والے ہائیکو مشاعروں کو ان کے بغیر نا مکمل سمجھا جاتا تھا۔
ممتاز ادیب اور بچوں کے تاریخی رسالے نونہال کے مدیر سلیم مغل نے اپنی پوسٹ میں مرحوم اقبال حیدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ میرے لیے دوست سے زیادہ محسن اور مربّی تھے ، میں نے بہت سے ٹی وی پروگرامز میں انہیں اسسُٹ بھی کیا اور ان سے بہت کچھ سیکھا بھی ۔ اقبال حیدر گذشتہ ماہ پاکستان تشریف لائے تھے ، یہاں وہ اپنے دوست احباب کی محبتوں میں گھرے رہے ۔
ٹیلی ویژن کی انٹرنینمنٹ انڈسٹری اور ملک کے علمی و ادبی حلقوں نے اقبل حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ان کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی ہے۔
اقبال حیدر مرحوم کئی برس پہلے امریکا میں سکونت اختیار کر چکے تھے۔